بی جے پی پر نفرت کے ذریعہ ہندو مسلم اتحاد کو نقصان پہونچانے کا الزام

   

سرجیکل اسٹرائیک کے لیے پرانا شہر دشمن ملک کا حصہ نہیں : عابد رسول خاںکا ردعمل
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے سینئیر قائد سابق صدر نشین اقلیتی کمیشن عابد رسول خاں نے بی جے پی کی جانب سے پرانے شہر میں سرجیکل اسٹرائیکل کرنے کا ریمارکس کرنے کی سخت مذمت کی اور بی جے پی پر شہریوں میں خوف پیدا کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کا الزام عائد کیا ۔ آج اپنی قیام گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عابد رسول خاں نے کہا کہ حیدرآباد ایک کاسمو پولیٹن سٹی ہے ۔ جہاں پر ملک کے تمام شہروں کے لوگ بستے ہیں اور ان میں کبھی بھید بھاؤ نہیں دیکھا گیا ہے ۔ لیکن بی جے پی ، جی ایچ ایم سی انتخابات میں مذہبی منافرت پھیلاتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے پرانے شہر پر سرجیکل اسٹرائیک کرنے کا جو ریمارکس کیا ہے وہ قابل مذمت ہے ، روہنگیائی مسلمان اقوام متحدہ کے تسلیم کردہ پناہ گزین ہے ۔ جن کے پاس کارڈ بھی موجود ہے اور وہ مرکزی حکومت کی اجازت سے حیدرآباد میں رہ رہے ہیں لیکن بی جے پی انہیں سیاسی موضوع بناتے ہوئے دوسرے عوامی مسائل کو نظر انداز کررہی ہے ۔ ایسا لگتا ہے سرجیکل اسٹرائیک کے ذریعہ پرانے شہر میں رہنے والے تمام شہریوں کا قتل کرنا چاہتی ہے ۔ اگر کوئی پاکستانی غیر قانونی حیدرآباد میں مقیم ہے تو مرکزی حکومت انہیں اپنے وطن کو واپس کردے ۔ مگر زہر افشانی بند کردے ۔ حیدرآباد کا جو کلچر وہ ختم کرنے کی ہرگز کوشش نہ کریں ۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں حیدرآباد سے فسادات اور کرفیو کا خاتمہ ہوچکا ہے ۔ امن و امان قائم ہونے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہورہی ہے ۔ ٹی ہب کے ذریعہ 1000 سے زائد نئی صنعتیں قائم ہوچکی ہیں ۔ نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر روزگار حاصل ہورہا ہے ۔ لیکن بی جے پی نفرت کا ماحول گرم کرتے ہوئے پرامن حالت کو بگاڑنے کی کوشش کررہی ہے ۔ ایسا لگتا ہے بی جے پی کے قومی قائدین انتخابی مہم چلانے نہیں بلکہ جنگ لڑنے کے لیے حیدرآباد پہونچ رہے ہیں ۔ بی جے پی قائدین کی زہر افشانی کے خلاف الیکشن کمیشن کاروائی کرے ۔ بی جے پی ضرور انتخابی مہم چلائے ۔ اپنے کام اور مستقبل کے منصوبوں کو عوام کے سامنے پیش کرے مگر حیدرآباد کی تہذیب و بھائی چارگی کو آنچ آنے نہ دے ۔ کالا دھن واپس لانے ہر شہری کے بینک اکاونٹ میں 15 لاکھ روپئے جمع کرنے کا بی جے پی نے وعدہ کیا وہ کب جمع ہوں گے اس کی وضاحت کرے ۔ شہر میں امن و امان کے قیام ترقی اور بھائی چارگی کے لیے ٹی آر ایس کو ووٹ دینے کی اپیل کی ۔۔