نئی دہلی: بی جے پی پر پورے ملک میں فسادات کرانے کا الزام لگاتے ہوئے عام آدمی پارٹی (عآپ ) نے چہارشنبہ کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ہیڈکوارٹر پر بلڈوزر پورے ملک کے فسادات کو روک دے گا۔ عآپ کی ترجمان اور ایم ایل اے آتشی نے ٹویٹ کیاکہ ’’پورے ملک میں فسادات ہو رہے ہیں۔ ہر طرف غنڈہ گردی اور بدمعاشیاں کی جارہی ہیں۔ بی جے پی یہ سارے فسادات کروا رہی ہے ۔ ہم گارنٹی دیتے ہیں بی جے پی ہیڈکوارٹر پر بلڈوزر چلائے جائیں گے ، پورے ملک میں فسادات بند ہوجائیں گے‘‘ ۔وزیر داخلہ امیت شاہ پر فسادات اور تشدد پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کے گھر پر بلڈوزر چلایا جانا چاہئے تاکہ ملک میں فسادات رک سکیں۔ آج جہانگیر پوری میں تجاوزات ہٹانے کی بات کیوں کی گئی، جب کارپوریشن میں پندرہ سال سے بی جے پی کی حکومت ہے تو پھر یہ کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔