بی جے پی کارپوریٹرس کا ہنگامہ ،میئر کے چیمبر میں توڑپھوڑ

   

جی ایچ ایم سی بورڈ پر سیاہی ڈال دی گئی، حکومت اور میئر کیخلاف نعرہ بازی
حیدرآباد۔23۔نومبر(سیاست نیوز) بی جے پی کے کارپوریٹرس کی جانب سے جی ایچ ایم سی کے ہیڈ آفس پر احتجاج کیا گیا۔ میئر کے چیمبر اور دوسری اشیاء کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا۔ احتجاجی کارپوریٹرس بلدیہ کا جنرل باڈی اجلاس طلب کرنے اور ڈیویژنس کو ترقی دینے کیلئے فنڈس جاری کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ دیکھتے ہی دیکھتے احتجاج تشدد میں تبدیل ہوگیا۔ بی جے پی کے کارپوریٹرس میئر جی وجئے لکشمی اور ٹی آر ایس حکومت کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی کے گلدانوں کو نقصان پہنچایا۔ میئر کے چیمبر میں پہنچ کر ہنگامہ آرائی کی گئی اور ٹیبل کو توڑ دیا گیا ۔ پولیس نے بی جے پی کے احتجاجی کارکنوں کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی مگر احتجاجی کارکن ماننے کو تیار نہیں تھے ۔ میئر کے چیمبر میں فرنیچر کو نقصان پہنچایا گیا ۔ جی ایچ ایم سی کے بورڈ پر سیاہی پوت دی گئی۔ بی جے پی کارپوریٹرس اور کارکنوں کے اچانک احتجاج سے جی ایچ ایم سی کا عملہ ڈر و خوف میں مبتلا ہوگیا اور کچھ دیر کیلئے حالات کشیدہ ہوگ’ے تھے ۔ عہدیداروں نے بی جے پی کے احتجاجی کارپوریٹرس کو بتایا کہ ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ العمل ہے ۔ لہذا کونسل کا اجلاس طلب نہیں کیا جاسکتا ۔ احتجاجی کارکن سننے کے موڈ میں نہیں تھے۔ پولیس نے احتجاجی کارکنوں کو گرفتار کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا ۔ سیف آباد پولیس نے عوامی املاک کو نقصان پہنچانے اور ہنگامہ آرائی پر 82 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ن