بی جے پی کارکن منور فاروقی کا شو درہم برہم کرنے تیار رہیں

,

   

کے ٹی آر مذہب بیزار شخصیت ۔ بی جے پی ریاستی صدر بنڈی سنجے اور ڈی اروند کے بیان
حیدرآباد ۔ 25 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں اسٹانڈاپ کامیڈین منور فاروقی کے شو کے خلاف بی جے پی نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے سنگین نتائج کی حکومت کو دھمکی دی ہے۔ صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے نے کہا کہ ہند دیوی دیوتاؤں کی توہین کرنے والے منور فاروقی پر ملک کی 16 ریاستوں پر پابندی ہے۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر منور فاروقی کو حیدرآباد میں شو کیلئے مدعو کرکے ہندو دیوی دیوتاؤں کی توہین کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں جس سے ہندوؤں کے جذبات مزید مجروح ہوں گے۔ بنڈی سنجے نے چیف منسٹر کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ ریاست میں امن کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو فاروقی کو شو کی اجازت نہ دیں ورنہ جو بھی نتائج برآمد ہوں گے اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو ناستک قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے فرزند کو بھگت میں تبدیل کریں۔ بنڈی سنجے نے بی جے پی یووا مورچہ کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ منور فاروقی کے پروگرام کو درہم برہم کرنے تیار ہیں۔ حلقہ لوک سبھا نظام آباد کی نمائندگی کرنے والے بی جے پی ایم پی ڈی اروند نے کہا کہ تلنگانہ حکومت قدم قدم پر ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچا رہی ہے۔ بھینسہ میں ہندوؤں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے۔ منور فاروقی کو مدعو کرتے ہوئے کے ٹی آر کے ہندوؤں کے جذبات کو مجروح کیا اس کی قیمت ٹی آر ایس حکومت کو چکانی پڑے گی۔ن