پریاگ راج: اترپردیش کے ضلع پریاگ راج کے بہیڑیا علاقے کے نوادا گاؤں میں اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیت کا جشن منارہے پارٹی کارکنوں پر مبینہ پتھراؤ میں ایک کارکن کی موت کے سلسلے میں لاپرواہی برتنے کے الزام میں انسپکٹر سمیت چار پولیس اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ کو انتخابات میں جیت کی خوشی کے سلسلے میں پارٹی کے لوگ نوادا گاوں میں ڈی جے پر جشن منا رہے تھے ۔ اسی دوران کچھ افراد نے مبینہ طور سے پتھراؤ شروع کردیا۔ جس میں ستیش چوہان نامی نوجوان شدید طور سے زخمی ہوگیا۔جسے علاج کے لئے فورا اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں دوران علاج اتوار کو ستیش چوہان (20)کی موت ہوگئی۔بی جے پی کارکنوں نے انسپکٹر سمیت تھانے کے پولیس اہلکار پر جانبداری کا الزام لگاتے ہوئے احتجاج کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے بہیڑیا انسپکٹر روی پرکاش، داروغہ سنجے یادو، سپاہی وکاس اپادھیائے اور دین دیال دوبے کو معطل کرتے ہوئے جانچ کا حکم دیا ہے ۔
