بی جے پی کا اگلا نشانہ رام مندر کی تعمیر: راجہ سنگھ

   

370 کی برخواستگی ملک کے عوام کی عین خواہش
حیدرآباد۔5 ۔ اگست (سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے کہا کہ دفعہ 370 کی برخواستگی کے فیصلہ کا ملک کے عوام خیرمقدم کر رہے ہیں اور وہ اس فیصلہ سے مطمئن ہے، مرکز کے فیصلہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے راجہ سنگھ نے کہا کہ آج کا دن تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ بھلے ہی کسی کو یہ فیصلہ منظور نہ ہو لیکن اسے قبول کرنا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کی جانب سے منظورہ طلاق ثلاثہ بل پر مسلمان خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا اگلا نشانہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر ہے۔ آئندہ انتخابات سے قبل بی جے پی مندر تعمیر کردے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کاشی میں شیو مندر اور متھرا میں سری کرشنوڈو مندر تعمیر کیا جائے گا ۔ بی جے پی ہندوؤں کی پارٹی ہے اور وہ ہندو مذہب کے تحفظ کے مقصد سے کام کر رہی ہے۔ کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے راجہ سنگھ نے کہا کہ کانگریس کے موقف کے باعث کشمیر کا مسئلہ پیدا ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی تنقیدوں کو نظر انداز کیا جانا چاہئے ۔