نفرت پر مبنی سیاست کی شکست‘ضمنی انتخابات کے نتائج پر راہول گاندھی کا رد عمل
نئی دہلی : ملک کی سات ریاستوں کی 13 اسمبلی سیٹوں کے نتائج نے انڈیا بلاک میں خوشی کی لہر پیدا کر دی ہے۔ لوک سبھا انتخاب کے بعد ہوئے اس پہلے ضمنی انتخاب میں انڈیا بلاک کو 10 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں جبکہ بی جے پی کو محض 2 سیٹوں پر اکتفا کرنا پڑا ہے۔ ایک سیٹ آزاد امیدوار کے حصے میں گئی ہے۔ اس نتیجہ کو مودی حکومت کیلئے زوردار جھٹکہ تصور کیا جا رہا ہے۔ کانگریس نے ضمنی انتخابات کے اس نتیجہ کو ’نفرت پر مبنی سیاست‘ کی شکست قرار دیا ہے۔کانگریس رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے اپنے اس پوسٹ میں آئین کے تحفظ کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ اپنی زندگی کی بہتری اور آئین کی حفاظت کے لیے عوام اب پوری طرح سے انڈیا بلاک کے ساتھ کھڑی ہے۔ جئے ہندوستان، جئے سنویدھان۔قابل ذکر ہے کہ ضمنی انتخابات میں کانگریس نے تن تنہا 4 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اسے اتراکھنڈ کی منگلور اور بدری ناتھ اسمبلی سیٹوں کے علاوہ ہماچل پردیش کی دیہرا اور نالہ گڑھ اسمبلی سیٹوں پر بھی کامیابی ملی ہے۔ اس فتح کے بعد کانگریس نے کچھ ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کئے ہیں جس میں انتخابی نتائج کو نریندر مودی کے لیے عوام کا پیغام قرار دیا گیا ہے۔ ایک ویڈیو میں انتخابی نتائج کو کسی کھیل کے اسکور کی طرح ظاہر کرتے ہوئے 2۔10 لکھا گیا ہے۔ اس میں این ڈی اے کا اسکور 2 اور انڈیا بلاک کا اسکور 10 دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن دیا گیا ہے ’جیت گیا انڈیا‘۔اسمبلی کے ضمنی الیکشن کے نتائج اور انڈیا اتحاد کی شاندار کارکردگی کے بعد انڈیا اتحاد کی جماعتوں کے حوصلے کافی بلند ہیں اور مستقبل میں اس سلسلہ کو برقرار رکھنے کی امید ہے۔