بی جے پی کا سنکلپ پتر ایک دکھاوا:پرینکا

   

نئی دہلی: کانگریس کی سینئر لیڈر پرینکا گاندھی نے اتوار کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا ‘سنکلپ پتر’ ایک دکھاوا ہے اور اصل منشور‘ سمویدھان بدلو پتر’ ہے ۔پرینکاگاندھی نے آج یہاں ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ گلی گلی، ایک ریاست سے دوسری ریاست بی جے پی لیڈر اور بی جے پی امیدوار ‘سمویدھان بدلو پتر’ لے کر گھوم رہے ہیں اور اپنی تقاریر میں بابا صاحب کے آئین کو بدلنے کی بات کر رہے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ یہ تمام ملک دشمن، سماج دشمن، جمہوریت مخالف سازشیں بی جے پی پہلے نیچے سے شروع کرتی ہے ۔ شروع میں اعلیٰ لیڈر عوام کے سامنے آئین کی قسمیں کھائیں گے لیکن رات میں آئین کو ختم کرنے کا اسکرپٹ لکھیں گے ۔ بعد میں مکمل اقتدار حاصل کرنے کے بعد آئین پر حملہ کریں گے ۔پرینکاگاندھی نے کہا کہ بابا صاحب کا آئین ہندوستان کی روح ہے ۔ ہمارا آئین ملک کے کروڑوں لوگوں کو عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق دیتا ہے ۔