بی جے پی کا مہاراشٹرا کی تمام نشستوں پر انتخابی تیاریوں کا جائزہ

   

ممبئی 27 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا میں برسر اقتدار بی جے پی نے ریاست کے تمام 288 حلقوں میں اپنی انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا جبکہ شیوسینا کے ساتھ اس کی نشستوں کی تقسیم پر سمجھوتہ تاخیر کا شکار ہو رہا ہے ۔ ریاست میں 21 اکٹوبر کو اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ مہاراشٹرا بی جے پی قائدین نے پارٹی کی مرکزی قیادت کے ساتھ تمام حلقوں میں اپنی انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ سینئر مہاراشٹرا بی جے پی قائدین بشمول چیف منسٹر دیویندر فرنویس اور پارٹی کی ریاستی یونٹ کے صدر چندر کانت پاٹل بھی اس ملاقات میں موجود تھے ۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ تمام 288 اسمبلی نشستوں کیلئے انتخابی تیاریوں کا اس اجلاس میں جائزہ لیا گیا ہے ۔ بی جے پی اور شیوسینا کے مابین نشستوں کی تقسیم پر سخت مذاکرات جاری ہیں اور دونوں کے مابین کوئی سمجھوتہ ہنوز نہیں ہوپایا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ نشستوں کی تعداد کے تعلق سے ان میں اتفاق رائے نہیں ہوپایا ہے ۔