بی جے پی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے: کانگریس

   

نئی دہلی: کانگریس نے آج کہا کہ پارٹی نے آنے والے ریاستی انتخابات اور جنرل الیکشن میں بی جے پی کا دوٹوک مقابلہ کرنے کا عزم کیا ہے۔ کانگریس نے دعویٰ کیا کہ 2019 لوک سبھا چناؤ کے بعد پارٹی نے 3 بڑے اقدامات کئے جن میں بھارت جوڑو یا ترا شامل ہے۔ کانگریس نے زرعی قوانین کی تنسیخ اور شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) پر عدم عمل آوری کے تعلق سے کہا کہ اُس کی مخالفت کی وجہ سے یہ ممکن ہوا ہے۔ پارٹی کی ترجمان سپر یا شرینا تے نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی نے تیسرا بڑا کام یہ کیا کہ نئے صدر کا انتخاب ہوا جو بلاک سطح سے ترقی کرتے ہوئے اس منصب تک پہونچے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 2019ء کے انتخابات کے بعد سے پارٹی لگا تار سرگرم ہے اور اُس نے ادارہ جاتی سطح کے اصلاحات کو یقینی بنایا جس سے پارٹی پر عوام کا بھروسہ بڑھا ہے۔ سپریا نے کہا کہ کانگریس نے عوام کے مسائل پر سڑک پر پہونچ کر کام کیا ہے۔ ہم نے سی اے اے کیخلاف مظاہرے کئے مخالف کسان قوانین کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کیا، بیروزگاری کی نہایت اونچی سطح اور تشویشناک صورتحال سے عوام کو واقف کرایا۔ اُنھوں نے کہا کہ کرناٹک، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، میزورم، راجستھان اور تلنگانہ میں آنے والے ریاستی انتخابات میں پارٹی پوری شدت سے فرقہ پرست بی جے پی کا مقابلہ کرے گی۔