بی جے پی کا 2024ء میں زوال ، ممتابنرجی کا دعویٰ

,

   

لوک سبھا چناؤ میں ’کھیلاہوبے‘ ہوگا، عوام بی جے پی کو مسترد کردیں گے

کولکاتا : چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج دعویٰ کیا کہ ترنمول کانگریس کی پوری کوشش رہے گی کہ 2024ء میں مقررہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو ملک بھر میں شکست دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زعفرانی پارٹی کو اسی طرح ناکامی کا سامنا رہے گا جس طرح ریاست میں حالیہ اسمبلی چناؤ میں دیکھا گیا ہے۔ وہ 19 ڈسمبر کو مقرر کولکاتا میونسپل الیکشن کیلئے شہر کے پھول بگام علاقہ میں ایک ریالی سے مخاطب تھیں۔ ممتا نے کہا کہ ریاست میں لگاتار تیسری میعاد کیلئے اقتدار پر واپسی کے بعد اب ان کا واحد مقصد صنعتی شعبہ کو ابھارنا اور نوکریاں پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی چناؤ کے دوران ہم نے دیکھا کہ بی جے پی نے کس طرح ریاست میں انتخابی مہم چلائی تھی۔ ہر کسی کو ان سے نفرت پیدا ہوئی۔ چنانچہ ریاست کے عوام نے ان کو شکست دی۔ مغربی بنگال آج جو سوچتا ہے وہ کل ہندوستان کی سوچھ ہوتی ہے۔ ہم بی جے پی کو 2024ء کے لوک سبھا چناؤ میں شکست دیں گے۔ گوا سے منگل کو واپسی کے بعد ممتا بنرجی کی یہ ریالی پہلا عوامی جلسہ ہے۔ گوا کو دو روزہ سیاسی دورہ پر گئی تھیں۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ ٹی ایم سی کا ’’کھیلاہوبے‘‘ نعرہ ریاستی الیکشن کی زبردست مہم میں کافی مقبول ہوا۔ آگے انتخابات میں بھی ہم بی جے پی کے خلاف اسی نعرے کے ساتھ انتخابی میدان سنبھالیں گے۔ مغربی بنگال کی برسراقتدار پارٹی قومی سطح پر اپنی شناخت قائم کرنے کوشاں ہیں۔ ٹی ایم سی نے حال ہی میں تریپورہ کے بلدی انتخابات بھی لڑے۔ اسی رجحان کے مطابق ترنمول کانگریس گوا کے اسمبلی انتخابات بھی لڑے گی۔