امروہہ: بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سپریمو مایاوتی نے اتوار کو کہا کہ بی جے پی کی ذات وادی، فرقہ وارانہ اور پونجی وادی سوچ اور پالیسیاں کسانوں کا بھلا نہیں کرپائی ہیں۔ اس موقع پر کسان لیڈر نریش چودھری نے بی ایس پی امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا۔ بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آج یہاں جویا روڈ پر واقع میدان میں پارٹی امیدوار ڈاکٹر مجاہد حسین کی حمایت میں منعقد ریالی سے خطاب کیا۔ حامیوں سے بھرے میدان میں دلتوں، نوجوانوں، برقعہ نشین خواتین نے مایاوتی کے اسٹیج پر آتے ہی زور دار تالیاں بجا کر استقبال کیا۔ مایاوتی نے استقبال قبول کرتے کے بعد عوام سے اپنے خطاب میں دانش علی کا نام لئے بغیر کہا کہ پارٹی نے سال 2019 میں جس شخص کو الیکشن میں کامیاب بنا کر پارلیمنٹ میں بھیجا اس نے پارٹی کا احترام نہیں کیا۔ یہاں کے ایم پی نے امروہہ کے عوام کے ساتھ اعتماد شکنی کی۔ اسی کو دیکھتے ہوئے اس بار پارٹی نے موجود ایم پی کو ٹکٹ نہ دے کر دوسرے امیدوار کو ٹکٹ دیا۔ لیکن مسلم سماج کو سزا نہیں دی۔ مسلم سماج کے شخص(مجاہد حسین) کو ٹکٹ دے کر امیدوار بنایا ہے ۔ مایاوتی نے این ڈی اے اور انڈیا اتحاد کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا کہ اس الیکشن میں گارنٹی کام نہیں آئے گی۔ بی جے پی حکومت میں سب سے زیادہ کسان دکھی ہیں۔ بڑے سرمایہ کاروں کی حامی بی جے پی حکومت میں کسانوں کے مسائل کو سننے والا کوئی نہیں ہے ۔
وہیں دوسری جانب سچر کمیٹی کی سفارشوں کا ذکر کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں مسلمانوں کی معاشی اور سماجی حالت کی خبرگیری کرنے والا کوئی نہیں ہے ۔ انہوں نے بھروسہ دلایا کہ بی ایس پی حکومت بننے پر دلت-مسلم اور پچھڑوں، قبائلیوں کے مفاد کی پالیسیاں نافذ کی جائیں گی۔ میدان میں موجود بھیڑ کو دیکھ کر مایاوتی نے کہا کہ اب انہیں یقین ہوگیا ہے کہ اس بار بھی امروہہ سیٹ سے بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) کو ہی جیت ملے گی۔ بی ایس پی سپریمو نے کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد سے دہلی کا اقتدار کانگریس کے ہاتھوں میں رہا لیکن غلط پالیسیوں کی وجہ سے اسے اقتدار سے باہر رہنا پڑا۔ بی جے پی کی حالت کانگریس سے مختلف نہیں ہے ۔ بی جے پی کی گارنٹی جملے بازی سے زیادہ کچھ نہیں ہے ۔ بی جے پی کے قول و فعل میں بڑا تضاد ہے ۔ اس موقع پر کسان لیڈر نریش چودھری نے مغربی اترپردیش کی تعمیر کا اعلان اور کسانوں کے مسائل اٹھانے سے متاثر ہوکر بی ایس پی امیدوار مجاہد حسین کی حمایت کا اعلان کیا۔