بی جے پی کوووٹ دینے پر پکوان گیس کی قیمت 1500 ہوجائیگی

,

   

زرعی موٹرس کو مرکزی حکومت میٹرس لگادے گی، روڈ شو سے ہریش راؤ کا خطاب

حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز)ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ اگر منو گوڑ کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کو ووٹ دیا گیا تو مرکزی حکومت پکوان گیس کی قیمت کو 1200 سے بڑھاکر 1500 روپئے کردے گی اور زرعی برقی کنکشن کو برقی میٹرس لگا دے گی ۔ ہریش راؤ نے آج ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی کے ساتھ پارٹی امیدوار کے پربھاکر ریڈی کے حق میں روڈ شو کا انعقاد کرتے ہوئے کہا کہ ضلع نلگنڈہ کو فلورائیڈ سے نجات دلانے کا اعزاز چیف منسٹر کے سی آر کو حاصل ہے ۔ انہوں نے 2003 ء کو مری گڈم کا دورہ کیا تھا اور اسی وقت عوام سے وعدہ کیا تھا اور علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ضلع نلگنڈہ کے عوام سے کئے گئے وعدے کو پورا کیا گیا ہے۔ تلنگانہ کے بارے میں بات کرنے کا بی جے پی کے قائدین کو اخلاقی حق بھی نہیں ہے۔ تحریک کے دوران جب استعفیٰ دینے کی بات آئی تو موجودہ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے راہ فرار اختیار کی تھی ۔ کنٹراکٹ کیلئے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے والے بی جے پی کے امیدوار کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے انہیں ووٹ دے کر کامیاب بنانے والے حلقہ اسمبلی منو گوڑ کے عوام کی توہین کی ہے۔بی جے پی کو کامیاب بنانے پر 3000 روپئے پنشن دینے کا عوام سے وعدہ کیا جارہا ہے ۔ جن ریاستوں میں بی جے پی برسر اقتدار ہے، کیا اُن ریاستوں میں عوام کو 3000 روپئے پنشن دیا جارہا ہے ؟ انہوں نے بی جے پی سے استفسار کیا۔ ہریش راؤ نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ بی جے پی کے جھوٹے وعدوں پر بھروسہ نہ کریں۔ اگر بی جے پی کو ووٹ دیا گیا تو مرکزی حکومت پکوان گیس کی قیمت 1200 سے بڑھاکر 1500 کردے گی اور مشکلات میں زبردست اضافہ ہوجائے گا۔ن