راہول گاندھی کا گجرات میں پارٹی کارکنوں سے خطاب‘ الیکشن کمیشن پر بھی تنقید
احمد آباد ۔26؍جولائی ( ایجنسیز)لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف گاندھی نے ‘سنگاٹھن سوجن ابھیان’ (پارٹی تنظیم کو مضبوط کرنے کی مہم) کے تحت کانگریس کے ضلعی صدور کے تربیتی کیمپ سے اپنے خطاب کے دوران الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور متعصب اور جانبدار ہونے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے پارٹی ورکرس اور قائدین پر بی جے پی کو اس کے گڑھ یعنی گجرات میں شکست دینے پر زور دیا اور کہا کہ کہ یہ ضروری ہے۔ راہول گاندھی ہفتہ کو ایک روزہ دورے پر گجرات کے آنند ضلع پہنچے جہاں انہوں نے پارٹی کی ضلع اکائیوں کے نو منتخب سربراہوں سے خطاب کیا۔ یہ پروگرام ’سنگٹھن سریجن ابھیان‘ کے تحت منعقد تین روزہ تربیتی کیمپ کا حصہ ہے جس کا مقصد 2027 کے ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنا ہے۔راہول گاندھی نے اپنے دورے کا آغاز وڈودرا ہوائی اڈے سے کیا۔ آنند کے نواح میں واقع ایک ریزورٹ میں تربیتی کیمپ جاری ہے جس میں گجرات بھر کے ضلعی صدور اور پارٹی کارکنان شرکت کر رہے ہیں۔ یہ کیمپ 28 جولائی تک جاری رہے گا۔ راہول گاندھی نے اس کیمپ کے دوران پارٹی رہنماؤں کو آئندہ سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی تلقین کی۔ انہوں نے زور دیا کہ مقامی سطح پر تنظیم کو متحرک اور مربوط بنانا پارٹی کی کامیابی کیلئے ناگزیر ہے۔یہ تربیتی سیشن کانگریس کے ’مشن 2027‘ کا حصہ ہے، جس کا نشانہ ریاست میں پارٹی کی سابقہ پوزیشن کو بحال کرنا اور بی جے پی کے غلبہ کو چیلنج کرنا ہے۔ راہول گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارٹی کو گاؤں، قصبے اور ہر محلے کی سطح تک متحرک کیا جانا چاہیے تاکہ عوام کے حقیقی مسائل پر آواز بلند کی جا سکے۔دورے کے دوران راہول گاندھی کی مقامی ڈیری کسانوں اور کوآپریٹو شعبہ کے رہنماؤں سے ملاقات بھی طے ہے۔ یہ ملاقات حال ہی میں ہمت نگر میں سابر ڈیری کے باہر دودھ کی خریداری قیمتوں میں کمی کے خلاف کسانوں کے مظاہروں کے پس منظر میں ہے۔مظاہرین نے شکایت کی تھی کہ حکومت کسانوں کے حق میں فیصلے کرنے کے بجائے ان کے معاشی مفادات کو نظر انداز کر رہی ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ کسانوں کی آواز بن کر ابھرے گی اور ان کے مسائل کو اسمبلی اور پارلیمان دونوں میں اٹھایا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں کانگریس نے گجرات کے تمام اضلاع میں نئی ضلعی قیادت کا تقرر کیا ہے۔ اس اقدام کو تنظیمی ڈھانچے کی اصلاح اور ریاست میں اپنی بنیاد کو ازسرنو مضبوط کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ راہول گاندھی کا یہ دورہ تنظیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ زمینی سطح پر کارکنوں سے براہ راست جڑنے اور آنے والے انتخابات کی تیاریوں کو رفتار دینے کی ایک کوشش بھی ہے۔