حیدرآباد ۔19 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزراء پونم پربھاکر اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بی جے پی کو مشورہ دیا کہ وہ ملک میں رام کے نام پر سیاست بند کردیں۔ محبوب نگر ضلع کے نواب پیٹ منڈل کا ریاستی وزراء نے دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ رام صرف بی جے پی کے نہیں بلکہ ساری انسانیت کیلئے ہیں۔ بھگوان کی تصویر کو سیاسی اغراض کے لئے استعمال کرنا بی جے پی کی عادت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں جس انداز میں مندر کے افتتاح کی تیاریاں کی جارہی ہیں ، اس پر ہندو سماج کی مذہبی شخصیتوں نے اعتراض جتایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں بی جے پی رام مندر کے نام پر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر بی آر ایس اور بی جے پی قائدین حکومت کی مخالفت سے باز نہیں آئیں گے تو عوام انہیں سبق سکھائیں گے۔ پربھاکر نے کہا کہ عوام کی جانب سے مسترد کئے جانے کے باوجود بی آر ایس قائدین نے سبق نہیں سیکھا۔ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت کی مخالفت کا حوالہ دیتے ہوئے پربھاکر نے کہا کہ ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست داخل کی گئیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی کو آر ٹی سی میں مفت سفر پسند نہ ہو تو وہ ٹکٹ لے کر سفر کرسکتے ہیں۔ 1