بی جے پی کو شکست دینے میں پرینکا گاندھی مددگار ثابت ہونگی

   

حیدرآباد۔/23 جنوری، ( سیاست نیوز) پرینکا گاندھی کے سرگرم سیاست میں حصہ لینے کا خیرمقدم کرتے ہوئے لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ان کی آمدسے نوجوانوں میں جوش و خروش پیدا ہوگیا ہے۔ پرینکا گاندھی بی جے پی کو شکست دینے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ یہ اچھی شروعات ہے ، بروقت کیا گیا فیصلہ ہے ۔ راہول گاندھی جی اب مزید سرگرم ہوجائیں گے۔ ہم تمام دل کی گہرائیوں سے خیرمقدم کرتے ہیں۔ آر ایس ایس اور بی جے پی کو تباہ کرنے کیلئے ہم تمام پرینکا گاندھی کی بھرپور تائید کریں گے۔ ملکارجن کھرگے نے مزید کہا کہ اب پرینکا گاندھی آچکی ہیں بی جے پی کو یہ احساس ہونے لگا ہے کہ اسے ایک اور لیڈر کا سامنا کرنا پڑیگا۔ ایک ایسی لیڈر جو آر ایس ایس اور بی جے پی کے خلاف شعلہ بیانی کیلئے جانی جاتی ہیں۔ قبل ازیں صدر کانگریس راہول گاندھی نے پرینکا گاندھی کو اتر پردیش کے مشرقی حصہ کا پارٹی جنرل سکریٹری انچارج مقرر کیا ہے۔