بی جے پی کو فائدہ پہنچانے بہار میں مجلس نے انتخابات میں حصہ لیا

   

کانگریس رکن جگا ریڈی کا الزام، کانگریس اقتدار میں مجلس شہر تک محدود
حیدرآباد: کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کیلئے مجلس نے بہار اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ جب تک کانگریس پارٹی مرکز میں برسر اقتدار تھی ، مجلس صرف حیدرآباد تک محدود رہی ۔ جیسے ہی مرکز میں بی جے پی برسر اقتدار آگئی ، مجلس نے مختلف ریاستوں کے انتخابات میں حصہ لینا شروع کردیا ۔ تاکہ سیکولر ووٹ تقسیم کرتے ہوئے بی جے پی کو فائدہ پہنچایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا میں 30 تا 40 نشستوں پر امیدوار کھڑے کرتے ہوئے کانگریس کے ووٹ تقسیم کئے گئے جس کا راست فائدہ بی جے پی کو ہوا۔ اسی طرح بہار میں مجلس کے مقابلہ کرنے سے سیکولر پارٹیوں کو تقریباً 40 نشستوں کا نقصان ہوا ہے ۔ 50 تا 80 ایسی نشستیں تھیں جہاں سیکولر پارٹیوں کو محض چند سو ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے مجلس سے سوال کیا کہ پرانے شہر میں پسماندگی ہے اور مسلمان تعلیمی اور معاشی طورپر پسماندہ ہیں۔ ان کی ترقی کی فکر کرنے کے بجائے مہاراشٹرا اور بہار کے انتخابات میں حصہ لینا کہاں کی دانشمندی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد انتخابات کے پیش نظر حکومت نے مختلف رعایتوں کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے حیدرآباد کے علاوہ مہیشورم کے سیلاب کے متاثرین میں فی کس 50,000 روپئے کی تقسیم کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں کی طرح دیہی علاقوں میں کسانوں کی امداد کی جائے ۔