’’ بی جے پی کو مسلمانوں کا ایک بھی ووٹ نہیں چاہیئے‘‘

   

کرناٹک میں سابق وزیر کے ایشورپا کا بیان سوشیل میڈیا میں وائرل
حیدرآباد۔/25 اپریل، ( سیاست نیوز) کرناٹک میں اسمبلی انتخابات میں کامیابی کیلئے بی جے پی فرقہ وارانہ ایجنڈہ پر عمل پیرا ہے۔ انتخابات سے عین قبل 4 فیصد مسلم تحفظات کو ختم کردیا گیا اور اب بی جے پی کے ایک سابق وزیر کے ایس ایشورپا نے مسلمانوں کے خلاف بیان بازی کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں بی جے پی کو مسلمانوں کے ایک بھی ووٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ سابق وزیر ایس ایس ایشورپا نے شموگہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کی۔ ان کی تقریر کا ویڈیو سوشیل میڈیا میں وائرل ہوچکا ہے۔ ایشورپا مسلمانوں کی اہمیت گھٹانے کی کوشش کررہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی کو مسلمانوں کے ووٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ مسلمانوں کی تائید کے بغیر ہی بی جے پی دوبارہ برسراقتدار آئے گی۔ ایشورپا نے تبدیلی مذہب کے واقعات میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہندوؤں کو چوکسی کا مشورہ دیا اور کہا کہ جو بھی مسلمان ان سرگرمیوں میں ملوث ہیں ان پر نظر رکھی جائے۔ کرناٹک میں کامیابی کیلئے بی جے پی قائدین فرقہ وارانہ اور نفرت پر مبنی سیاست پر عمل پیرا ہیں۔ اکثریتی طبقہ کے ووٹ متحد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ر