بی جے پی کو مہاراشٹرا حکومت کی تشکیل کیلئے گورنر کی دعوت

   

بڑی پارٹی سے آمادگی اور قابلیت کا اشارہ مطلوب ۔ شیوسینا نے گورنر کے اقدام کا خیرمقدم کیا
ممبئی ، 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) گورنر مہاراشٹرا بھگت سنگھ کوشیاری نے ہفتہ کی شام بی جے پی سے جو نئی اسمبلی میں واحد بڑی پارٹی ہے، کہا کہ تشکیل حکومت کیلئے آمادگی اور قابلیت کا اشارہ دے، جس سے امید پیدا ہوئی ہے کہ اس ریاست میں 15 روزہ طویل سیاسی تعطل ختم ہوجائے گا۔ بی جے پی کی کور کمیٹی کی میٹنگ اتوار کو منعقد ہوگی اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کرے گی، پارٹی لیڈر چندرکانت پاٹل نے یہ بات کہی۔ شیوسینا جو چیف منسٹر کے عہدہ کی تقسیم کے بارے میں حلیف بی جے پی کے ساتھ کشاکش میں مبتلا ہے، اس نے کوشیاری کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ ایڈوکیٹ جنرل اشوتوش کمبھاکونی نے قبل ازیں دن میں گورنر سے راج بھون میں ملاقات کی تھی۔ ریاست کی 13 ویں قانون ساز اسمبلی کی میعاد ہفتہ کی نصف شب کو ختم ہوگئی۔ چندرکانت نے جو اسٹیٹ بی جے پی پریسیڈنٹ ہیں، نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ انھیں گورنر سے مکتوب وصول ہوا ہے۔ اور بی جے پی کی کور کمیٹی میٹنگ مستقبل کا لائحہ عمل طے کرے گی۔ راج بھون کے بیان کے مطابق گورنر نے دیویندر فرنویس جو اسٹیٹ بی جے پی کے لیجسلیچر ونگ کے لیڈر ہیں، ان سے کہا کہ نئی حکومت کی تشکیل کیلئے اپنی پارٹی کی آمادگی اور قابلیت کا اشارہ دیں۔ ریاستی اسمبلی چناؤ کے نتائج کا 24 اکٹوبر کو اعلان کیا گیا تھا۔