ای وی ایم کی بے قاعدگیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر جدوجہد کی جائے گی : چندرا بابو نائیڈو
حیدرآباد /9 اپریل ( سیاست نیوز ) قومی صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے سخت الفاظ میں کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں پائی جانے والی مبینہ بے قاعدگیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر جدوجہد کی جائے گی ۔ جبکہ سپریم کورٹ نے پانچ وی وی پیاٹس کی ہی گنتی کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ آج ریاست آندھراپردیش میں انتخابی مہم کے آخری دن ضلع گنٹور کے گرجالا میں روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ احتیاط سے رہیں ۔ غلط کام کرنے پر ملک چھوڑ کر راہ فرار اختیار کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور انکم ٹیکس کے دھاوے کروائے گئے ۔ لیکن مسٹر نریندر مودی کو کچھ بھی فائدہ حاصل نہیں ہوسکا ۔ صدر تلگودیشم پارٹی نے ریاستی اور ملک کے عوام پر زور دیا کہ اگر نریندر مودی کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں گے تو آئندہ دنوں میں انتخابات کے انعقاد سے محروم ہونا پڑے گا ۔ لہذا ریاست میں تلگودیشم پارٹی اور قومی سطح پر ماسواء بی جے پی کسی بھی پارٹی کو ووٹ دینے کی عوام سے پرزور اپیل کی ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے ریاست آندھراپردیش میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو ووٹ دینا اور ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو ووٹ دینا بی جے پی کو ووٹ دینے کے مترادف ہوگا ۔ کیونکہ یہ انتخابات نئی نسل کے درخشاں مستقبل کیلئے ممد و معاون ثابت ہوں گے اور عوام سے ووٹ دینے کے معاملہ میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنے پر زور اپیل کی ۔