بی جے پی کو ووٹ دینے پر پکوان گیس کی قیمت 1500 روپئے اضافہ ہوگا

   

جمی کنٹہ میں اجلاس ، ایٹالہ راجندر کو شکست دے کر بی جے پی کو سبق سکھانے کا مشورہ ، ہریش راؤ
حیدرآباد /9 ستمبر ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی کو ووٹ دینے پر پکوان گیس کی قیمت بڑھ کر 1500 روپئے ہوجائے گی ۔ لہذا انہوں نے حضورآباد میں ایٹالہ راجندر کو شکست دیتے ہوئے بی جے پی کو سبق سکھانے کا عوام کو مشورہ دیا ۔ اسمبلی حلقہ حضورآباد کے جمی کنٹہ میں ٹی آر ایس پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی کے زیر قیادت مرکزی حکومت غریب عوام پر اضافی مالی بوجھ عائد کر رہی ہے ۔ پٹرول ، ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ پکوان گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کرتے ہوئے غریب و متوسط طبقہ پر بی جے پی حکومت بھاری بوجھ عائد کر رہی ہے ۔ وہیں تلنگانہ حکومت غریب عوام کیلئے فلاحی اسکیمات متعارف کرانے کے معاملے میں سارے ملک میں سرفہرست مقام رکھتی ہے ۔ سماج کے تمام طبقات کیلئے فلاحی اسکیمات متعارف کرائی گئی ہیں ۔ مچھیروں کی بہبود کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے 1000 کروڑ روپئے مختص کیا ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس کے امیدوار جی سرینواس کو عوامی قائد قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی تحریک میں ٹی آر ایس کے امیدوار پر 130 مقدمات درج ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی حلقہ حضورآباد کیلئے 4000 ڈبل بیڈروم مکانات منظور کئے ہیں ۔ ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں میں ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر ہوئے مگر حضورآباد میں تعمیر نہیں ہوئے ۔ اس کیلئے سابق وزیر بی جے پی کے قائد ایٹالہ راجندر پوری طرح ذمہ دار ہیں ۔ اس حلقہ میں ٹی آر ایس سے ترقی ممکن ہے ۔ لہذا عوام ٹی آر ایس کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیے ۔ N