۔2016-18 میں کانگریس کو صرف 55 کروڑ کے عطیات ، این سی پی محض 7 کروڑ کے ساتھ تیسرے مقام پر :اے ڈی آر رپورٹ
نئی دہلی ۔ 9 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) سیاسی جماعتوں کو موصول ہونے والے عطیات پر ایک تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2016-18 کے دوران بی جے پی کو تقریباً 500 دولتمند کارپوریٹ صنعتی گھرانوں سے زائد از 900 کروڑ روپئے کے عطیات موصول ہوئے جو اسی مدت کے دوران کانگریس کو موصول شدہ عطیات سے 16 گنا زیادہ ہیں۔ تنظیم برائے جمہوری اصلاحات ( اے ڈی آر ) نے 2016-18 کے دوران قومی سیاسی جماعتوں کو موصول ہونے والے عطیات کاتجزیہ کیا ہے ۔ اے ڈی آر تجزیہ کے مطابق 106-18 کے دوران صنعتی گھرانوں نے 985.18 کروڑ روپئے کے عطیات دیا ہے جو سیاسی جماعتوں کو معلوم ذرائع سے دیئے جانے والے مجموعی عطیات کا 93 فیصد حصہ ہے۔ رپورٹ نے کہا ہے کہ ’’چھ قومی جماعتوں میں بی جے پی کو سب سے زیادہ 915.596 کروڑ روپئے کے عطیات موصول ہوئے ہیں۔ ملک کے 1731 کارپوریٹ عطیہ دہندوں کی طرف سے دیئے جانے والے عطیات وصول کرنے کے معاملے میں کانگریس کو بہت دور ہی سہی لیکن دوسرا مقام حاصل ہے جس کو 151 کارپوریٹ دہندگان سے محض 55.36 کروڑ روپئے موصول ہوتے ہیں۔ این سی پی 23 کارپوریٹس کی طرف سے دیئے جانے والے 7.737 کروڑ روپئے مالیتی عطیات کے ساتھ تیسری بڑی جماعت ہے ‘‘ ۔ مالیاتی سال 2012-13 اور 2017-18 کے دوران بی جے پی سب سے زیادہ کارپوریٹ عطیات 1621.40 کروڑ روپئے وصول کی تھی جو چھ سال کے دوران مجموعی کارپوریٹ عطیات کا 83.49 فیصد حصہ تھا۔اے ڈی آر تجزیہ نے کہا ہے کہ کارپوریٹ گھرانوں کی طرف سے قومی جماعتوں کو دیئے جانے والے عطیات میں 2004-05 تا 2011-12 کے درمیان اور مالیاتی سال 1016-17 اور 2017-18 کے درمیان 160 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ مالیاتی سال 2012-13 اور 2017-18 کے دوران سیاسی جماعتوں کو کارپوریٹس کی طرف سے دیئے جانے والے عطیات میں ریکارڈ 414 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ لیکن مالیاتی سال 2015-16 کے دوران کارپوریٹ عطیات کی فراہمی میں زبردست کمی ہوئی تھی ۔