بی جے پی کیخلاف اتحاد میں کانگریس کو مرکز ی اہمیت پر زور

,

   

واجپائی حکومت کو بغیر کسی اپوزیشن چہرے کے شکست ہوئی تھی : کپل سبل

نئی دہلی :عام انتخابات 2024 میں بی جے پی سے مقابلہ کرنے والے کسی بھی اتحاد کے مرکز میں کانگریس کو ہونا چاہئے ایک مضبوط اتحاد بنانے کے لیے تمام اپوزیشن جماعتوں کو حساسیت کا زیادہ خیال رکھنا چاہئے اور ساتھ ہی ایک دوسرے کے نظریات پر تنقید کرنے میں محتاط رہنا چاہئے سابق مرکزی وزیر اور راجیہ سبھا کے رکن کپل سبل نے میڈیا سے خصوصی بات چیت میں کہا کہ مضبوط اتحاد بنانے کے لیے ایک دوسرے کے نظریات پر تنقید کرنے میں محتاط رہنا چاہیے۔اپوزیشن جماعتوں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ایک مشترکہ پلیٹ فارم تلاش کریں اور یہ پلیٹ فارم ان کا نو تشکیل شدہ انصاف منچ ہو سکتا ہے۔سابق مرکزی وزیر نے ساتھ ہی 2004 کی مثال بھی پیش کی جب اس وقت کی اٹل بہاری واجپائی حکومت کو اپوزیشن کے ووٹ نہ ہونے کے باوجود اقتدار سے باہر کر دیا گیا تھا۔اس سے قبل بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کپل سبل نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ دراصل، پی ایم مودی نے ہفتہ کو تلنگانہ میں ایک جلسہ عام کے دوران خاندان پرستی کو نشانہ بنایا۔ اس پر کپل سبل نے الزام لگایا کہ بی جے پی سہولت کی سیاست کرتی ہے۔کپل سبل نے بی جے پی پر خاندانی سیاست کو فروغ دینے کا بھی الزام لگایا۔ کپل سبل نے ٹویٹ کیا اور لکھا کہ وزیر اعظم نے چندر شیکھر راؤ پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدعنوانی اور خاندان پرستی ساتھ ساتھ چلتی ہے، لیکن اگر ایسا ہے تو پھر بی جے پی نے پنجاب میں اکالیوں کے ساتھ، آندھرا پردیش میں جگن کے ساتھ، ہریانہ میں چوٹالہ
کے ساتھ اتحاد کیوں کیا؟ ، جموں و کشمیر میں مفتی اور مہاراشٹرا میں ٹھاکرے؟ جب انہوں نے بی جے پی سے ہاتھ ملایا تو کیا ان میں خاندان پرستی نہیں تھی؟ ایک اور ٹویٹ میں کپل سبل نے لکھا کہ بی جے پی عاپ پر بدعنوانی کا الزام لگا رہی ہے لیکن وہاں خاندان پرستی نہیں ہے۔ کرپشن کو اقربا پروری سے جوڑنے کی ضرورت نہیں۔ کپل سبل نے سوال کیا کہ آپ کہتے ہیں کہ بی جے پی میں خاندان پرستی نہیں ہے تو کیا بی جے پی کرپٹ ہے؟۔ یہاں یہ تذکرہ ضروری ہیکہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی سے مقابلہ کیلئے تقریباً تمام اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد کی کوششیں کی جارہی ہیں۔