یونائیٹڈ کسان مورچہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں پہنچے گا۔ جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں ایس کے ایم نے کہاکہ ہماری 57 کسان تنظیمیں یوپی کے ہر گاؤں میں پہنچیں گی اور لوگوں سے بی جے پی کو سزا دلانے کی اپیل کریں گی۔ ہریانہ کی کسان تنظیمیں بھی اتر پردیش میں انتخابی مہم کیلئے جائیں گی۔ ایس کے ایم لیڈر یوگیندر یادو، درشن پال اور راکیش ٹکیت نے کہاکہ بی جے پی اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔ لکھیم پور کھیری واقعہ کے ملزم وزیر اپنے عہدے پر ہیں۔ حکومت نے کسانوں کی تحریک میں جن وعدوں پر عمل کرنے کا وعدہ کیا تھا وہ انہیں بھول گئی ہے، اب بی جے پی کو انتخابات میں وہی وعدے یاد دلانے ہوں گے۔پریس کلب میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کسانوں لیڈران نے کہاکہ اتر پردیش کے انتخابات میں لوگوں کو بتایا جائے گا کہ بی جے پی نے کسانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ اب تک حکومت نے اپنا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ ایس کے ایم کے نمائندے اتر پردیش کی 57 کسان تنظیموں کے ساتھ مل کر اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے کئی گاؤں پہنچیں گے۔ یوپی میں اگر کوئی پارٹی یا لیڈر کسانوں سے متعلق ہونے کا دعویٰ کرتا ہے تو ایس کے ایم کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔