وزیر داخلہ امیت شاہ ، چیف منسٹر یو پی آدتیہ ناتھ ، جے پی نڈا اور دوسرے قائدین روڈ شو میں حصہ لیں گے
حیدرآباد :۔ بی جے پی نے جی ایچ ایم سی انتخابات میں ساری طاقت جھونک دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 27 نومبر کو چیف منسٹر اترپردیش 28 نومبر کو بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور 29 نومبر کو وزیر داخلہ امیت شاہ گریٹر حیدرآباد میں بی جے پی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ ایک چھوٹے سے انتخاب کیلئے بی جے پی ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے ۔ اپنے آپ کو ٹی آر ایس متبادل کے طور پر پیش کررہی ہے ۔ کسی ریاست کا الیکشن جس طرح لڑا جاتا ہے اسی طرح بی جے پی ، جی ایچ ایم سی انتخابات لڑ رہی ہے ۔ دوباک میں کامیابی کے بعد بی جے پی کے عزائم میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ بی جے پی نے انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے ۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری بھوپیندر یادو کو جی ایچ ایم سی انتخابات کا انچارج نامزد کیا گیا جو پردے کے پیچھے رہ کر ساری انتخابی مہم کی حکمت عملی تیار کررہے ہیں ۔ کانگریس و ٹی آر ایس سے ناراض قائدین کو بی جے پی میں شامل کرنے کے ساتھ انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ 22 نومبر کو مرکزی وزیر پرکاش جاوڈکر 23 اور 24 نومبر کو بی جے وائی ایم کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریہ 24 نومبر کو بی جے پی مہیلا مورچہ کی قومی صدر ونیتا نارائن ، 25 نومبر کو مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے انتخابی مہم میں حصہ لیا ۔ آج مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر دیویندر فڈنویس نے جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے بی جے پی کا منشورہ جاری کیا ۔ 27 نومبر کو چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ پارلیمانی حلقوں حیدرآباد و چیوڑلہ کے حدود میں پارٹی کی انتخابی مہم چلائیں گے ۔ 28 نومبر کو بی جے پی کے صدر جے پی نڈا دانشوروں کے اجلاس سے خطاب کریں گے اور حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری میں روڈ شو میں شرکت کریں گے ۔ انتخابی مہم کے آخری دن 29 نومبر کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے حدود میں منعقد ہونے والے روڈ شو میں شرکت کریں گے ۔ اس کے علاوہ کرکٹر سے سیاستداں بن جانے والے گوتم گمبھیر ، شٹلسر سائینا نہیوال ، حال ہی میں کانگریس سے بی جے پی میں شامل ہونے والی فلمی اداکارہ خوشبو کو بھی حیدرآباد کی انتخابی مہم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔