ممبئی ، 31 مارچ (یو این آئی) مہاراشٹر کی سیاست میں نئی پیش رفت کے حوالے سے یہ اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ بی جے پی قیادت نے ایکناتھ شنڈے کے ’آپریشن ٹائیگر‘ منصوبے پر فی الحال روک لگا دی ہے ، جس کے تحت اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ کو شنڈے قیادت والی شیو سینا میں شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق شنڈے نے شرد پوار دھڑے کے 6 اور ٹھاکرے دھڑے کے 6 ارکان پارلیمنٹ کو اپنی جماعت میں شامل کرنے کی تیاری کی تھی، جس سے ان کے گروپ کی تعداد موجودہ 7 سے بڑھ کر 19 ہو سکتی تھی اور ریاستی سیاست میں ان کا اثر و رسوخ مزید مضبوط ہوتا۔ اطلاعات کے مطابق بی جے پی کی جانب سے مشورہ دیا گیا ہے کہ ان ارکان کو براہ راست شیو سینا میں شامل کرنے کے بجائے نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار کی پارٹی کے ذریعے این ڈی اے میں لایا جائے ۔ تاہم اس منصوبے کو ابھی تک بی جے پی کی حتمی منظوری حاصل نہیں ہوئی ہے ۔ ان پیش رفتوں کے درمیان یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے حالیہ دورہ دہلی کے دوران ایکناتھ شنڈے سے ملاقات نہیں کی۔