بی جے پی کی بڑھتی طاقت سے ٹی آر ایس خوفزدہ: ڈاکٹر لکشمن

   

2023 ء میں تلنگانہ میں بی جے پی برسر اقتدار آئے گی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن نے ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کو انتباہ دیا کہ وہ اپنی زبان قابو میں رکھیں۔ بی جے پی پر تنقید کرنے میں احتیاط سے کام لیں۔ ڈاکٹر لکشمن آج بی جے پی آفس میں ڈائری کی رسم اجرائی کے بعد کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے فرزند کے ٹی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر موقع پرست سیاست پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں موقع پرستی کے تمام حدود کو ان دونوں نے پار کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف باپ بیٹے اصولوں کا درس دیتے ہیں تو دوسری طرف بے قاعدگیوں پر عمل کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرنے والی واحد پارٹی بی جے پی تھی ۔ وارڈس کی حدبندی اور تحفظات کے سلسلہ میں ٹی آر ایس میں کئی بے قاعدگیاں کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کا بے جا استعمال کرتے ہوئے بلدیات پر قبضہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے نام سے ٹی آر ایس کو ڈر اور خوف ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر جس زبان کا استعمال کر رہے ہیں، اس بارے میں جتنا کم کہیں بہتر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد میں ٹی آر ایس تیسرے مقام پر رہی لیکن اقتدار کا بیجا استعمال کرتے ہوئے میئر کے عہدہ پر قبضہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تکو گوڑہ میونسپلٹی میں آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ سے ووٹ ڈلوانا افسوسناک ہے ۔ ڈاکٹر لکشمن نے تک گوڑہ میونسپلٹی کے چیرپرسن کا انتخاب منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر سبیتا اندرا ریڈی کے اقدامات سے آنجہانی اندرا ریڈی کی روح کو تکلیف ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے بی جے پی ارکان پارلیمنٹ سے ووٹنگ کرائی جائے تو ٹی آر ایس کو ایک بھی میونسپلٹی حاصل نہیں ہوگی۔ نظام آباد کے عوام نے پارلیمنٹ اور پھر کارپوریشن کے انتخابات میں ٹی آر ایس کو مسترد کردیا ۔ بھینسہ میں ایک بھی وارڈ پر ٹی آر ایس کو کامیابی نہیں ملی ۔ اس کے باوجود بی جے پی پر تنقید شرمناک ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام بی جے پی کو ٹی آر ایس کے متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت کی بے قاعدگیوں کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے بی جے پی عوام کو انصاف دلائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزراء کو عوامی مسائل پر دی گئی نمائندگی بے فیض ہے۔ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ غیر جانبداری اور اصول پسندی کے ساتھ خدمات انجام دیں ۔ ڈاکٹر لکشمن نے دعویٰ کیا کہ 2023 ء میں تلنگانہ میں زعفرانی پرچم لہرائے گا ۔ پارٹی کی قومی قیادت تلنگانہ پر خصوصی توجہ مرکوز کرچکی ہے ۔