بی جے پی کی خارجہ پالیسی حالت ایمرجنسی میں:اکھلیش

   

لکھنؤ:21 ستمبر (یواین آئی): سماج وادی پارٹی کے صدر اور اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نیبی جے پی کی حکومت پر خارجہ پالیسی کو ناکام بنانے کا الزام لگایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں ملک کی خارجہ پالیسی “ایمرجنسی” کی حالت میں پہنچ گئی ہے اور حکومت ہر محاذ پر ناکام ثابت ہو رہی ہے ۔اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت نہ تو غیر ضروری ٹیرف سے ملک کو بچا پا رہی ہے ، نہ ہی ویزا فیس میں من مانی کے مسئلے پر قابو پاسکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات مسلسل بگڑتے جا رہے ہیں اور ملک کی نان الائنمنٹ کی تاریخی پالیسی کو بھی پسِ پشت ڈال دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم ہندوستانیوں کو ہتھکڑیاں اور زنجیریں لگائی جا رہی ہیں، یہاں تک کہ عوامی سطح پر ان کی تذلیل کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ دوسری طرف، غیر ممالک میں آباد ہندوستانی شہریوں کو تشدد اور حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے مگر حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت دہشت گردی جیسے سنگین عالمی مسئلے پر بھی کسی ملک کو اپنے ساتھ کھڑا کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہند وستان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے اور حکومت نے خارجہ پالیسی کو یکسر “طاق پر” رکھ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال نہ صرف ملک کے وقار کو نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ کروڑوں ہندوستانیوںکے اعتماد کو بھی متزلزل کر رہی ہے ۔
اکھلیش نے مطالبہ کیا کہ مرکز کو فوراً اپنی خارجہ پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے اور قومی مفاد کو اولین ترجیح دینی چاہیے ۔