بی جے پی کی فرقہ پرستی کو حضور آباد سے بریک لگانے پر زور

   

کسانوں کو گاڑی سے کچلنے ، پکوان گیس ، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ پر ہریش راؤ کی برہمی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے بی جے پی کے مخالف کسان بلس اور وزراء کی جانب سے گاڑیوں سے کسانوں کو روندنے اور پکوان گیس کے علاوہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ۔ حضور آباد میں بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے مرکزی حکومت کو سبق سکھانے کی عوام سے اپیل کی ۔ اسمبلی حلقہ حضور آباد کے دھرما راجو پلی میں ٹی آر ایس کے امیدوار جی سرینواس یادو کی انتخابی مہم چلاتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ایٹالہ راجندر کی خود غرضی کی وجہ سے ضمنی انتخابات منعقد ہورہے ہیں ۔ انہوں نے حضور آباد کو ضلع بنانے یا اسمبلی حلقہ میں میڈیکل کالج قائم کرنے کیلئے استعفیٰ نہیں دیا ہے بلکہ اپنے ذاتی مفادات کی تکمیل کیلئے استعفیٰ دیا ہے ۔ اب عوام غور کریں ۔ شخصیت کی اہمیت ہے یا کسی بھی نظامت کی ۔ انہوں نے اپنے ذاتی مفادات کیلئے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ جب سے مرکز میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوا ہے ۔ تب سے غریب اور متوسط طبقہ پر مالی بوجھ میں اضافہ ہورہا ہے ۔ تین مخالف کسان بلس لاتے ہوئے کسانوں کو نقصان پہونچایا گیا ہے ۔ اس کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کو اترپردیش کے لکھیم پور میں وزراء کی گاڑی نے کچلتے ہوئے ہلاک کردیا ہے ۔ پکوان گیس پر دوبارہ 15 روپئے کا اضافہ کردیا گیا ہے ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ بی جے پی اپنے سیاسی مفادات کیلئے مذہبی جذبات کا استحصال کرتے ہوئے پھوٹ ڈالو راج کرو کی پالیسی پر عمل کررہی ہے ۔ بی جے پی کے ناپاک عزائم کو حضور آباد سے بریک لگانے کی ضرورت ہے ۔چیف منسٹر کے سی آر ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مثالی اقدامات کررہے ہیں جس کی ملک بھر میں مثال نہیں ملتی ۔ ریاست میں بڑے پیمانے پر آبپاشی پراجکٹس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ 24 گھنٹے معیاری برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ سماج کے تمام طبقات کیلئے نئی نئی فلاحی اسکیمات متعارف کی گئی ہیں ۔ سرکاری ہاسپٹلس میں بنیادی سہولتیں فراہم کی گئی ہے ۔ کارپوریٹ طرز کی معیاری و مفت تعلیم فراہم کرنے کیلئے ایک ہزار سے زائد ریزیڈنشیل اسکولس و کالجس قائم کئے گئے ہیں ۔۔ ن