مندوبین کے اجلاس سے ریونت ریڈی، اتم کمار ریڈی اور دیگر قائدین کا خطاب
حیدرآباد۔/21ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں راہول گاندھی کانگریس پارٹی کی قیادت کرتے ہوئے بی جے پی سے عوام کو نجات دلاسکتے ہیں۔ حیدرآباد میں پردیش کانگریس کمیٹی مندوبین کے اجلاس میں راہول گاندھی کے حق میں قرارداد پیش کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی مذہبی منافرت کے ذریعہ سماج کو توڑنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلہ کرنے کی اہلیت صرف کانگریس پارٹی میں ہے۔ راہول گاندھی نے کنیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کرتے ہوئے تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ یاترا کی کامیابی سے بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے ملک کیلئے اپنی جان نچھاور کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے عوام کا دل جیت لیا ہے۔ ملک کی موجودہ صورتحال میں صرف راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی بی جے پی کو شکست دے سکتی ہے۔ بھٹی وکرامارکا، اتم کمار ریڈی، وی ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین نے بھی راہول گاندھی سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کارکنوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے کانگریس کی صدارت قبول کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی خاندان نے ملک کی یکجہتی اور سلامتی کیلئے جو قربانیاں دی ہیں انہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ بی جے پی سے مقابلہ کیلئے راہول گاندھی کی قیادت ضروری ہے۔ قائدین نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر کے الیکشن کیلئے شیڈول جاری کردیا گیا ہے اور بیشتر ریاستوں میں پردیش کانگریس کمیٹیوں نے راہول گاندھی کے حق میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی ہے۔ قائدین نے امید ظاہر کی کہ راہول گاندھی کارکنوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے صدارت قبول کریں۔ر