بی جے پی کی فرقہ پرست سیاست کے خلاف سی پی آئی کی ملک گیر مہم

   

سیکولر جماعتوں کو متحد ہونے کی ضرورت، ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤکا مشورہ
حیدرآباد۔/30 اپریل، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ ملک کو بی جے پی کی فرقہ پرست اور نفرت کی سیاست سے نجات دلانے کی ضرورت ہے۔ سی پی آئی نے بی جے پی ہٹاؤ، دیش بچاؤ کے نعرہ کے تحت ملک بھر میں مہم کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیکولر طاقتوں کو سیکولرازم اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے متحدہ جدوجہد کرنی چاہیئے۔ میڑچل کے جواہر نگر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ بی جے پی نے عوام سے جو وعدے کئے تھے انہیں فراموش کردیا گیا۔ ملک میں اچھے دن کا وعدہ کیا گیا لیکن عوام کے مسائل میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک سے بلیک منی وطن واپس لانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے نتیجہ میں غریب اور متوسط طبقات مسائل کا شکار ہیں۔ بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے اور کسانوں کی خودکشی کے واقعات کے تدارک کے کوئی اقدامات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہندو راشٹر کے منصوبہ پر عمل پیرا ہے اور صرف ہندوؤں کو اس ملک کا شہری تصور کررہی ہے دیگر مذاہب کے ساتھ نفرت کا رویہ افسوسناک ہے۔ر