بی جے پی کی مدد کیلئے بی آر ایس اور مجلس کی منصوبہ بندی: ڈاکٹر نارائنا

   

اپوزیشن اتحاد سے بی جے پی خوفزدہ،یکساں انتخابات کی تجویز غیر دستوری
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر(سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن اتحاد ’انڈیا ‘ سے خوفزدہ ہوکر بی جے پی قبل از وقت انتخابات کی تیاری کر رہی ہے ۔ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے بیک وقت انتخابات کی تیاری اس بات کا ثبوت ہے کہ بی جے پی کو یقین ہوچکا ہے کہ اپوزیشن اتحاد سے مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔ حیدرآباد میں سی پی آئی قومی سکریٹریٹ کے رکن پی وینکٹ ریڈی اور ریاستی سکریٹریٹ کے رکن ای ٹی نرسمہا کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس کا ایجنڈہ ابھی تک جاری نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر جمہوریہ رامناتھ کووند کی قیادت میں کمیٹی کی تشکیل کا مقصد یکساں انتخابات کے حق میں رپورٹ حاصل کرنا ہے۔ نارائنا نے کہا کہ قومی سطح پر بی جے پی کو پھر ایک مرتبہ کامیاب کرنے کی سازش کے تحت بی آر ایس اور مجلس تیسرے محاذ کی تیاری کر رہے ہیں۔ شراب اسکام میں کویتا کی گرفتاری کو روکنے کیلئے بی آر ایس نے بی جے پی کی مدد کا فیصلہ کیا ہے ۔ نارائنا نے کہا کہ آر ایس ایس کے نظریات کو ملک پر مسلط کرنے کیلئے دستور بدلنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی میں اپوزیشن اتحاد کے اجلاس کے بعد نریندر مودی اور امیت شاہ نے قبل از وقت انتخابات کی منصوبہ بندی کی ہے۔ رامناتھ کووند کمیٹی میں حکومت کی تائید کرنے والے افراد کو شامل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں اور لوک سبھا کے بیک وقت انتخابات کے مسئلہ پر ملک میں وسیع تر مشاورت کی ضرورت ہے ۔ پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ اس تجویز کو منظوری دینی ہوگی ۔ ڈاکٹر نارائنا نے کل جماعتی اجلاس کے بغیر کمیٹی کی تشکیل کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ بی جے پی کی مدد کرنے کیلئے مجلس کا قیام عمل میں آیا ہے ۔ بی جے پی اور مجلس دونوں ایک ہیں اور عوام کے درمیان ایک دوسرے کی مخالفت کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی میں قومی سطح پر تیسرے محاذ کی تیاریاں شروع کی ہیں تاکہ سیکولر اتحاد کو کمزور کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے مقدمات سے بچنے کیلئے بی جے پی کی تائید کا فیصلہ کیا ہے ۔