کرناٹک کے سابق چیف منسٹر کمارا سوامی کا بیان
بنگلورو : کرناٹک کے سابق چیف منسٹر کمارا سوامی نے کہا کہ جنتا دل سکیولر، عوامی مفادات کے پیش نظر آنے والے دنوں میں بی جے پی کی مشروط حمایت کرسکتی ہے۔ ان کی پارٹی کنڑ عوام کی عزت نفس کا احترام کرتی ہے اور وہ سیاسی انضمام کے متعلق ہرگز سوچ نہیں سکتی۔ انہوں نے اپنے متعدد ٹوئٹس میں کانگریس پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے ساتھ ان کی پارٹی جنتا دل ایس نے کرناٹک میں 2018ء میں حکومت تشکیل دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی انضمام سے متعلق قیاس آرائیوں اور رپورٹس کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ کانگریس ہائی کمان نے اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کی ’بی ٹیم‘ ہونے کا الزام لگاکر ہمارا مضحکہ اُڑایا تھا۔ انتخابات کے بعد ہمارے دروازے پر آکر مخلوط حکومت کی تشکیل کیلئے دعوت دی تھی۔ اگر ہم بی جے پی کی بی ٹیم تھے تو کانگریس کے ساتھ کس طرح حکومت تشکیل دی جاسکتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ عوام جنتا دل ایس پر بھروسہ کرتے ہیں جس نے کئی فلاحی اسکیمات اور اقدامات کو روبہ عمل لایا، جن میں کسانوں کے قرضوں کی معافی قابل ذکر ہے۔ جنتا دل ایس جیسی پارٹی کا انضمام خودکشی کرنے کے مترادف ہوگا۔ مستقبل قریب میں ایسے حالات نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے کانگریس اور جنتا دل ایس نے دیگر کے ساتھ تشکیل حکومت کیلئے ہاتھ ملایا تھا اور 2018ء اسمبلی انتخابات کے بعد ایچ ڈی کمارا سوامی کو چیف منسٹر بنایا گیا تھا۔ 2019ء کے لوک سبھا انتخابات کے بعد بعض ارکان کی داخلی بغاوت کے بعد مخلوط حکومت ختم ہوگئی تھی جس کے بعد کانگریس اور جنتا دل ایس کے قائدین ایک دوسرے کے خلاف الزام تراشی کررہے ہیں۔
