دونوں ہی قائدین کو پارٹی ہائی کمان کے رویہ سے ناراضگی
حیدرآباد 22 جون (سیاست نیوز) بی جے پی نے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے تحت ریاست میں گھر گھر بی جے پی نعرے کے تحت مہم شروع کی ہے۔ اِس پروگرام میں کئی سینئر قائدین غیر حاضر دیکھے گئے۔ خاص طور پر رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر اور سابق رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے اِس پروگرام میں شرکت نہیں کی جو پارٹی حلقوں میں موضوع بحث بن چکا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے 9 سالہ دور حکومت کے کارناموں کو عوام تک پہونچانے کے مقصد سے یہ مہم شروع کی گئی ہے۔ اِس مہم میں مذکورہ دونوں قائدین کی عدم شرکت سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ بنڈی سنجے سے اختلافات ختم نہیں ہوئے۔ تلنگانہ میں قیادت کی تبدیلی سے ہائی کمان کے انکار کے بعد دونوں قائدین پارٹی سرگرمیوں سے دور ہوچکے ہیں۔ ہائی کمان نے ایٹالہ راجندر کو انتخابی تشہیر کمیٹی کا صدرنشین مقرر کرنے کا تیقن دیا تھا لیکن بعض سینئر قائدین مخالفت کررہے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ راجندر جو پارٹی میں نئے ہیں، اُنھیں اہم ذمہ داری نہیں دی جاسکتی۔ قیادت میں تبدیلی اور انتخابی تیاریوں کے سلسلہ میں قائدین کو اضافی ذمہ داریوں کے مسئلہ پر پارٹی میں اختلافات کھل کر سامنے آچکے ہیں۔ سیاسی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ ایٹالہ راجندر اور کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی الیکشن سے قبل کانگریس میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔ ر