عوام کے تمام طبقات سے ’’ کار ‘‘ کے نشان کو ووٹ دینے شکیل عامر کی اپیل
حیدرآباد۔/18نومبر، ( سیاست نیوز) مذہب کے نام پر نفرت کی سیاست کو ہوا دینے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کے ناپاک عزائم کو صرف اور صرف وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ ہی روک سکتے ہیں۔ دس برس سے ریاست تلنگانہ کرفیو کی لعنت سے پاک ہے تو یہ کے چندر شیکھر راؤ وزیر اعلیٰ کی مستحکم قیادت کا نتیجہ ہے جبکہ ترقیاتی کاموں کی مثال تو آج سارا ملک دے رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع نظام آباد کے حلقہ اسمبلی بودھن کے واحد مسلم رکن اسمبلی مسٹر شکیل عامر نے ’سیاست نیوز ‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا ایک ہی ایجنڈہ ہے ہندو اور مسلم کے درمیان دوریاں پیدا کرو اور کرسی بچاؤ۔ ہمیں پرندوں سے سبق سیکھنا چاہیئے کہ جس درخت کی جڑ میں سانپ کا بل ہوتا ہے پرندے اس کی شاخوں پر گھونسلہ نہیں بناتے۔ مسٹر شکیل عامر نے کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انتخابات کی آمد کے ساتھ ہی اپنے رویہ میں تبدیلی لاتے ہوئے کانگریس عوام کو گمراہ کرتے ہوئے اقتدار کی کرسی کیلئے تڑپ رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا کانگریس نے 55 برسوں کی حکمرانی میں عوام کی بھلائی کیلئے کوئی ایسا کام انجام دیا جس کو مثال بناکر عوام کے سامنے رکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج چندر شیکھر راؤ کی حکمرانی میں میں 10 برس سے کسی کو سڑک پر دھرنا دیتے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔ برقی کی کٹوتی سے عوام کانگریس کے دور میں سڑکوں پر اُتر آتے تھے، ایسی کئی مثالیں ہیں کانگریس کی ناقص کارکردگی کی جس کو ریاست تلنگانہ کی عوام بہت خوب جانتے ہیں۔ حالات اس قدر بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں ۔ موم بتی کو وہی دھاگا جلاتا ہے جس کو وہ ساتھ لئے پھرتی ہے۔ ہماری زندگی میں بھی اکثر وہی لوگ نقصان پہنچاتے ہیں جن کا ہم نے کسی موڑ پر ساتھ دیا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج حلقہ اسمبلی بودھن کے تمام طبقات کی عوام کی بے پناہ محبت نے میرے حوصلے کو بڑھایا ہے، یہاں کی عوام ہی میری سیاسی طاقت ہے۔ کے سی آر ایک باحوصلہ سیاستداں ہیں اور ان کی تخلیقات بلند ہیں۔ میرے والدین کی دعاء اور عوام کی بے پناہ محبت ہے، والدین کی دعاؤں کا صدقہ ہے کہ آج میں بودھن میں عوام کو اپنے قد سے اونچا نظر آتا ہوں۔ انہوں نے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ کی زبردست ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو اس بات کا احساس ہے کہ اس چراغ کی طرح جینا سیکھو جو بادشاہ کے محل میں بھی اتنی ہی روشنی دیتا ہے جتنی کسی غریب کی جھونپڑی میں دیتا ہے۔ اسی طرح ہماری قیادت سماج کے ہر طبقہ کی یکساں ترقی کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ عوام مجھے تیسری مرتبہ بھی شاندار کامیابی سے ہمکنار کرتے ہوئے بودھن کی مزید ترقی کے لئے موقع فراہم کریں گے۔ میں عوام کے تمام طبقات ہندو، مسلم، سکھ ، عیسائی سے اپیل کرت ہوں کہ وہ مخالفین کی باتوں پر توجہ نہ دیں اور اپنے ووٹ کا استعمال BRS کے حق میں کریں جس کا امتیازی نشان ’’ کار‘‘ ہے۔