بی جے پی کے اشارے پر ای ڈی کا سمن بھیجا گیا: کجریوال

   

سمن کی اجرائی کی بی جے پی قائدین کو پہلے سے اطلاع تھی، انتخابی مہم چلانے سے مجھے روکنے کی سازش ہوئی

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے الزام لگایا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بی جے پی کے کہنے پر انہیں سمن جاری کیا ہے ۔ کیجریوال نے آج ای ڈی کو خط لکھ کر کہا کہ بی جے پی کے کہنے پریہ نوٹس بھیجا گیا ہے تاکہ وہ چار ریاستوں میں انتخابی مہم نہ چلا سکیں۔ انہوں نے سمن واپس لینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا، ‘‘یہ واضح نہیں ہے کہ آپ نے مجھے کس وجہ سے سمن بھیجا ہے ، ایک گواہ کے طورپر یا یا مشتبہ شخص کے طور پر۔ سمن کی تفصیل نہیں بتائی گئی۔ یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ انہیں ذاتی طور پر بلایا گیا ہے یا وزیر اعلی کے طور پر یا عام آدمی پارٹی کے سربراہ کے طور پر۔ کیجریوال نے کہاکہ 30اکتوبر کی دوپہر کو بی جے پی لیڈروں نے کہنا شروع کر دیا تھا کہ مجھے جلد ہی بلایا جائے گا اور گرفتار کیا جائے گا۔ مجھے اسی دن شام کو سمن موصول ہوا۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ میری شبیہ خراب کرنے کے لیے بی جے پی لیڈروں کو سمن پہلے لیک کردیاگیا تھا۔انہوں نے کہاکہ ملک کی پانچ ریاستوں یعنی میزورم، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، راجستھان اور تلنگانہ میں جلد ہی انتخابات ہونے والے ہیں۔ عام آدمی پارٹی ہر جگہ الیکشن لڑ رہی ہے ۔ پارٹی کے قومی کنوینر اور اسٹار کمپینر ہونے کی وجہ سے انہیں انتخابی مہم کے لیے سفر کرنا ہے ۔ دوسری طرف میں دہلی کا موجودہ وزیر اعلیٰ ہوں۔ دیوالی کے تہوار کی وجہ سے میرے پاس سرکاری طور پر بہت زیادہ کام ہے ۔ جہاں مجھے ہونا ضروری ہے ۔”قابل ذکر ہے کہ دہلی شراب پالیسی گھوٹالہ میں اے اے پی لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا فروری سے جیل میں ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو بھی حال ہی میں ای ڈی نے گرفتار کیا تھا۔ اس کے علاوہ اس معاملے میں ای ڈی نے آج دہلی کے کابینہ وزیر راج کمار آنند کے گھر پر چھاپہ مارا ہے ۔ عام آدمی پارٹی دہلی کے ریاستی کنوینر گوپال رائے نے جمعرات کو کہا کہ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے نوٹس پر کچھ سوالات اٹھائے تھے ، جن کا جواب ای ڈی کے بجائے بی جے پی ترجمان نے دیا۔دہلی حکومت کے ایک کابینی وزیر نے آج نامہ نگاروں کو بتایاکہ” کیجریوال کو ای ڈی نے نوٹس جاری کرنے کے بعد طلب کیا تھا۔ چیف منسٹر نے اپنا جواب بھیج کر ای ڈی سے نوٹس واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس نے کچھ چیزوں پر ای ڈی سے جواب بھی طلب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ای ڈی سے جواب نہیں ملا۔ بی جے پی کے قومی ترجمان جواب دینے آئے ۔ آج یہ فرق کرنا مشکل ہے کہ ای ڈی۔ سی بی آئی بی جے پی ہے یا بی جے پی ای ڈی۔ سی بی آئی ہے ۔ بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر کہہ رہے تھے کہ ای ڈی آزاد اور خودمختار ایجنسیاں ہیں، بی جے پی کا ان سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ جب بی جے پی کا ان ایجنسیوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور جب ایجنسیوں پر سوال اٹھائے جاتے ہیں تو بی جے پی لیڈر جواب دینے کے لیے سامنے کیوں کھڑے ہوتے ہیں؟۔