50 ہزار ووٹوں سے کامیابی یقینی
حیدرآباد۔ سابق وزیر صحت ایٹالہ راجندر کی بی جے پی میں امکانی شمولیت کے پس منظر میں کانگریس کے رکن کونسل جیون ریڈی نے دلچسپ ریمارک کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے بجائے ایٹالہ راجندر حضورآباد سے بحیثیت آزاد امیدوار مقابلہ کریں تو وہ 50 ہزار سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب ہوسکتے ہیں۔ بی جے پی میں شمولیت کے بعد راجندر کا موقف اور امیج کمزور ہوجائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ کانگریس میں شمولیت یا عدم شمولیت راجندر کی مرضی پر منحصر ہے۔ ٹی آر ایس میں رہ کر کی گئی بدعنوانیوں کے تحفظ کیلئے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کمار سے سوال کیا کہ ٹی آر ایس کے بدعنوان قائدین کو جیل بھیجنے کا اعلان کب پورا کیا جائے گا۔ جیون ریڈی نے کہا کہ راجندر کی بی جے پی میں شمولیت سے وہ کمزور پڑ جائیں گے۔ آزاد امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کی صورت میں صورتحال مختلف رہے گی۔جیون ریڈی نے کہا کہ بی جے پی میں شمولیت کا فیصلہ کرکے راجندر نے خود اپنے مقام کو گھٹا لیا ہے۔ جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی جانب سے برطرف کئے گئے فیلڈ اسسٹنٹس میں 90 فیصد کا تعلق دلت طبقہ سے ہے لہذا حکومت کا یہ اقدام غیر انسانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمانت روزگار اسکیم کے تحت لیبر کو 2 ہزار روپئے کی رقم کی ادائیگی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے برطرف کردہ فیلڈ اسسٹنٹس کو فوری باز مامور کرنے کا مطالبہ کیا۔