امرتسر : راہول گاندھی نے کہا ہے کہ مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی کے بدترین دن بس قریب ہیں۔ وہ آنے والے مہینوں میں پانچ ریاستوں میں اسمبلی چناؤ کے بارے میں بول رہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ داخلی سروے کے نتائج سامنے آچکے ہیں اور سیاسی مبصرین کو اندازہ ہوچکا ہے کہ پانچوں ریاستوں میں بی جے پی کی حالت بُری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس کم از کم 3 ریاستوں چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور تلنگانہ میں جیت سکتی ہے جبکہ راجستھان کے تعلق سے قطعیت سے نہیں کہا جاسکتا۔ شمال مشرق کی ریاست میزورم میں بھی قومی سطح پر برسر اقتدار پارٹی کے خلاف ماحول ہے۔ اِس طرح بی جے پی کے بُرے دن آنے والے ہیں۔ سابق صدر کانگریس نے کہاکہ پارٹی نے چھتیس گڑھ میں اچھی حکمرانی کی ہے اور اُسے دوبارہ اقتدار ملنا یقینی معلوم ہوتا ہے جبکہ تلنگانہ اور مدھیہ پردیش میں لوگ وہاں کی حکمرانی سے اُکتا چکے ہیں۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ بی جے پی کو خود معلوم ہے کہ اِن ریاستوں میں اُس کی کیا حالت ہے لیکن وہ اپنے ساکھ بچانے کے لئے بلند بانگ دعوے کررہی ہے۔
ہندوستانی ریلوے میں محبت کی دکانیں کھلتی ہیں:راہول
نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے منگل کو ریل سے ولاس پور سے رائے پور تک دو گھنٹے کا ٹرین کا سفر کیا اور کہا کہ انہیں احساس ہوا ہے کہ ہندوستان اس ٹرین میں رہتا ہے جہاں مختلف مذاہب، زبانوں اور طبقات کے لوگ اجنبی سے اپنے بنتے ہیں اور سفر میں محبت کی دکانیں کھلتی ہیں۔ چھتیس گڑھ کے ولاس پور سے رائے پور تک ٹرین کے دو گھنٹے کے سفر کے اپنے تجربے کو سوشل میڈیا پرشیئر کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ ہندوستانی ریلوے میں روزانہ ایک کروڑ لوگ سفر کرتے ہیں جہاں حقیقی ہندوستان کی جھلک دیکھنے کو ملتی ہے ۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ریلوے ہندوستان کی لائف لائن ہے جس میں روزانہ تقریباً ایک کروڑ لوگ سفر کرتے ہیں۔ ٹرین میں حقیقی ہندوستان کی جھلک ۔ مختلف مذاہب، زبانوں اور طبقوں کے لوگ اجنبی سے اپنے بنتے ہیں، محبت کی دکانیں کھلتی ہیں، ہندوستان جوڑتا ہے ۔ اسی سوچ کے ساتھ میں نے بلاس پور سے رائے پور کے اس مختصر لیکن یادگار سفر پر نکلا۔ چھتیس گڑھ کے کئی پرجوش نوجوانوں سے ملاقات اور باتیں ہوئیں،خاص طور ریاست کے ہونہار کھلاڑیوں سے ۔ ان کی آنکھوں میں بہت سے خواب تھے اورپورے ہوں گے یہ یقین تھا۔