بی جے پی کے تئیں جانبداری پر زکربرگ سے شکایت

   

ترنمول کانگریس نے سی ای او فیس بک کو مکتوب لکھا، غلط رویہ کی نشاندہی
کولکاتا : ترنمول کانگریس نے فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ کو خط لکھ کرفیس بک کی جانبداری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں فیس بک کا رول انتہائی جانبدارانہ رہا ہے اورعوامی حلقوںمیں اس کے حق میں بڑے پیمانے پر شواہد موجود ہیں کہ فیس بک نے بی جے پی کے حق میں کام کیا ہے ۔ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا رکن ڈیریک اوبرائن نے زکربرگ اپنی ملاقات کا حوالہ دیا اور لکھاہے کہ اس وقت بھی وہ فیس بک کے رول پر سوال اٹھاچکے ہیں۔31اگست کو لکھے گئے خط میں اوبرائن نے لکھا ہے کہ ترنمول کانگریس لوک سبھا میں دوسری سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی ہے ۔2014اور 2019کے لوک سبھا انتخاب میں فیس بک کے رول پر ہمیں سخت تشویش لاحق ہے ۔ انہوں نے خط میں بی جے پی اور فیس بک کے درمیان رشتے کی نشاندہی کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات میں محض چند مہینے رہ گئے ہیں۔آپ کی کمپنی نے حال ہی کئی فیس بک پیج اور اکاؤنٹ کو بلاک کیا ہے ۔