بی جے پی کے تمام چور ایک جگہ جمع ہوکر میرے خلاف سازش کررہے ہیں: راجہ سنگھ

   

ایک اور مکتوب کی اجرائی،اس مرتبہ مرکز کریم نگر بنا ہوا ہے ، پارٹی قائدین ذاتی ایجنڈے میں مصروف
حیدرآباد۔ 30 مئی (سیاست نیوز) گوشہ محل کے بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے پھر ایک بار اپنی ہی پارٹی کے قائدین کے خلاف سنسنی خیز ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ ’’تمام چور ایک جگہ جمع ہوتے ہوئے میرے خلاف سازش کررہے ہیں‘‘۔ اس مرتبہ سازش کریم نگر سے شروع ہوئی۔ بی جے پی کے متنازعہ ایم ایل اے راجہ سنگھ نے کل کویتا کے ایپی سوڈ میں پارٹی قائدین کو گھسیٹتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بڑا پیاکیج مل جاتا ہے تو ہمارے بی جے پی کے قائدین بی آر ایس میں شامل ہوجائیں گے۔ ہر الیکشن میں بی جے پی کے قائدین نے بی آر ایس سے خفیہ سازباز کی ہے۔ یہ ریمارک بی جے پی حلقوں میں موضوع بحث بن چکا ہے اور بی جے پی میں راجہ سنگھ کی مخالفت شروع ہوچکی ہے جس پر آج پھر ایک مرتبہ ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے راجہ سنگھ نے کہا کہ میرے خلاف پارٹی میں جنگ شروع ہوچکی ہے۔ تمام چور ایک جگہ جمع ہوکر میرے خلاف سازش کررہے ہیں اور اس مرتبہ سازش کا مرکز کریم نگر بنا ہوا ہے۔ انہوں نے بالواسطہ طور پر مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کو اس بار تنقید کا نشانہ بنایا۔ راجہ سنگھ نے ایک مکتوب جاری کرتے ہوئے کہا کہ کل میں نے کویتا کے انکشاف کی تصدیق کی تھی، جس پر میرے خلاف پارٹی کے قائدین ہی سوشیل میڈیا پر گمراہ کن مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پریشان کرنے والوں کو میں ہرگز معاف نہیں کروں گا۔ گوشہ محل ایم ایل اے نے کہا کہ بی جے پی کی قومی قیادت کی جانب سے انتباہ ملنے کے باوجود تلنگانہ بی جے پی قائدین کی کارکردگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ریاستی بی جے پی صدر جی کشن ریڈی کا پارٹی پر کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ پارٹی قائدین ہر روز میڈیا میں اختلاف رائے پیش کررہے ہیں جس سے پارٹی کارکن الجھن میں ہے۔ میں عوامی قائد ہوں اور عوام کے مسائل پر زیادہ توجہ دیتا ہوں۔ پارٹی قائدین اپنے ذاتی ایجنڈے کو پورا کررہے ہیں۔2