میدک میں جلسہ اظہار تشکر سے ایم پی رگھونندن راؤ کا خطاب
میدک ۔ 9 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن پارلیمنٹ میدک ایم رگھونندن راؤ نے کہا کہ انہیں بحیثیت ایم پی منتخب ہونے میں انتھک کوشش کرنے والے پارٹی قائدین و کارکنوں کا میں مقروض ہوں۔ محنت کرنے والے کارکنوں کے لئے پارٹی میں اہم عہدوں پر فائز کیا جاکر ان کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں ہیکہ بھاجپا تلنگانہ ریاست میں بھی اپنی حکومت قائم کرے گی۔ رگھونندن راؤ میدک کے بھارتیہ جنتا پارٹی کے آفس میں کارکنوں سے ان کی جیت پر جلسہ اظہار تشکر منعقد کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے خصوصی فنڈس سے ایڑوپائل مندر کو ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے کانگریس حکومت کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 7 ماہ گذرنے کے بعد بھی سی ایم ریلیف فنڈ کے فائلس آفس میں پڑے ہوئے ہیں۔ سی ایم ریلیف فنڈ کی عدم اجرائی پر غریب طبقہ پریشان حال ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ میدک لوک سبھا میں شامل میدک، سدی پیٹ اور سنگاریڈی پر ایم پی کیمپ دفاتر عنقریب قائم کئے جائیں گے۔ اس پروگرام میں صدر ضلع بھاجپا گڈم سرینواس کرنم پرنیتا، کنوینر میدک اسمبلی اے مدھو، صدر میدک ٹاؤن این پرساد، نندا ریڈی، کاشی ناتھ کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔