بی جے پی کے حق میں کراس ووٹنگ، اڈیشہ کانگریس کے 3 ارکان اسمبلی کا اخراج

   

کٹک کی رکن اسمبلی صوفیہ فردوس شامل، بی جے ڈی امیدوار کی تائید پر پارٹی سے اختلاف

حیدرآباد۔ 18 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے راجیہ سبھا کے حالیہ انتخابات میں کراس ووٹنگ کے ذریعہ بی جے پی کیلئے کامیابی کی راہ ہموار کرنے پر اڈیشہ میں پارٹی کے تین ارکان اسمبلی کو خارج کردیا ہے۔ پارٹی نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس سلسلہ میں جو پوسٹ کیا وہ اڈیہ زبان میں تھا جس میں تینوں ارکان اسمبلی کو پارٹی سے خارج کرنے کی بات کہی گئی ہے جبکہ انگریزی ترجمہ میں معطلی کا ذکر کیا گیا۔ کانگریس سے خارج کئے گئے ارکان میں رمیش جینا، صوفیہ فردوس اور دسرتھ گومانگو شامل ہیں۔ پارٹی وہپ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تینوں ارکان نے راجیہ سبھا کے الیکشن میں بی جے پی کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ کانگریس پارٹی نے کہا کہ کانگریس کو دھوکہ دینا دراصل قوم کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ 10 ریاستوں میں راجیہ سبھا کے انتخابات میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کو برتری حاصل رہی اور کئی اپوزیشن ارکان اسمبلی نے بی جے پی کے حق میں ووٹ دیا۔ اڈیشہ کانگریس کے صدر بھکت چرن داس نے نتیجہ کے اعلان کے بعد تینوں ارکان اسمبلی کے پارٹی سے اخراج کا اعلان کیا۔ صوفیہ فردوس 2024 میں پہلی مرتبہ کٹک اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئیں۔ انہوں نے کانگریس کی جانب سے بیجو جنتادل امیدوار کی تائید پر ناراضگی جتاتے ہوئے بی جے پی کے حق میں ووٹ دیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ پارٹی نے تائید کے مسئلہ پر ارکان اسمبلی سے کوئی مشاورت نہیں کی۔ ان کا کہنا ہے کہ بیجو جنتادل گزشتہ کئی برسوں سے بی جے پی کی ’بی ٹیم‘ کا رول ادا کررہی ہے۔ بیجو جنتادل نے پارلیمنٹ میں وقف بل کی تائید کی تھی۔ راجیہ سبھا کی چار نشستوں کے لئے بی جے پی نے دو امیدوار کھڑے کئے تھے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر منموہن سامال اور بی جے ڈی کے سابق لیڈر سجیت کمار کو امیدوار بنایا گیا اور دونوں کو بہ آسانی کامیابی حاصل ہوئی۔ 147 رکنی اڈیشہ اسمبلی میں بی جے پی کے 79 ارکان ہیں۔ 3 آزاد امیدواروں کی تائید سے جملہ 82 ارکان بی جے پی کے حق میں ہیں۔ بی جے ڈی کے 50 ایم ایل ایز ہیں اور ان میں 2 کو معطل کیا جاچکا ہے۔ اڈیشہ میں کانگریس ارکان کی تعداد 14 ہے جبکہ سی پی ایم کا ایک رکن اسمبلی ہے۔ بی جے ڈی اور کانگریس نے مشترکہ طور پر دتیشور ھوٹا کو امیدوار بنایا تھا تاہم پارٹی میں کراس ووٹنگ کے سبب بی جے پی کے تائیدی آزاد امیدوار دلیپ رائے کامیاب ہوئے جو سابق مرکزی وزیر ہیں۔ صوفیہ فردوس اڈیشہ میں پہلی مسلم خاتون رکن اسمبلی ہونے کا اعزاز رکھتی ہیں۔ ان کے والد محمد مقیم اسی حلقہ سے سابق میں منتخب ہوچکے ہیں۔ اڈیشہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے باعث وہ 2024 کے اسمبلی انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے۔ صوفیہ فردوس نے سینٹ جوزف گرلز ہائی اسکول سے اسکولی تعلیم کی تکمیل کی جبکہ کٹک کے روین شاہ جونیر کالج اور پھر کٹک انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی بھوبنیشور سے بی ٹیک کی تکمیل کی۔ 2022 میں آئی آئی ایم بنگلور سے ایگزیکٹیو جنرل مینجمنٹ پروگرام کی تکمیل کی۔ سیاست میں حصہ لینے سے قبل وہ صنعت کار رہیں اور میٹرو گروپ کی ڈائرکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کے شوہر شیخ معراج الحق اڈیشہ کے بزنس مین ہیں۔ 1