بی جے پی کے دباؤ میں کجریوال نے کنہیا کمار کے خلاف فیصلہ کیا

   

Ferty9 Clinic

سی پی آئی قومی سکریٹری نارائنا کا ردعمل
حیدرآباد۔/29 فبروری، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے الزام عائد کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کے دباؤ میں اروند کجریوال حکومت میں کنہیا کمار کے خلاف غداری کے مقدمہ میں کارروائی کی اجازت دی ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ سی پی آئی قومی عاملہ کے رکن کنہیا کمار گزشتہ ایک ماہ سے بہار کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف شعور بیدار کررہے ہیں۔ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف انہوں نے عوام کے ساتھ مل کر اعلان جنگ کیا ہے۔ 27 فبروری کو کنہیا کمار کے جلسہ عام میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ کنہیا کمار کے جلسہ میں اور دوروں کے موقع پر عوام کی غیر معمولی تائید سے متاثر ہوکر چیف منسٹر نتیش کمار نے این پی آر کے خلاف اسمبلی میں قرارداد منظور کی۔ اس کے بعد مرکز کی بی جے پی حکومت نے دہلی حکومت پر دباؤ میں اضافہ کردیا۔ ابھی تک چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کنہیا کمار کے خلاف قانونی کارروائی کی اجازت نہیں دی تھی لیکن کل مرکزی حکومت کے دباؤ کے آگے کجریوال جھک گئے۔ انہوں نے کجریوال حکومت کے فیصلہ کو سیاسی دیوالیہ پن سے تعبیر کیا اور کہا کہ مرکزی حکومت کی انتقامی کارروائی کی سی پی آئی مذمت کرتی ہے۔