بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن اجے پرتاپ سنگھ مستعفی‘ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض

   

Ferty9 Clinic

بھوپال: لوک سبھا انتخابات سے پہلے مدھیہ پردیش میں بی جے پی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ راجیہ سبھا ایم پی اجے پرتاپ سنگھ نے ہفتہ 16 مارچ کو پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔ اجے پرتاپ سنگھ لوک سبھا کا ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض ہیں اور اب آزاد امیدوارکی حیثیت سے الیکشن لڑ سکتے ہیں۔اجے پرتاپ سنگھ بی جے پی کی طرف سے سیدھی لوک سبھا سیٹ سے ٹکٹ کی دعویداری کر رہے تھے لیکن بی جے پی نے سیدھی لوک سبھا سیٹ سے ڈاکٹر راجیش مشرا کو ٹکٹ دے دیا۔ اجے سنگھ 2018 میں مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض راجیہ سبھا ممبر اجے پرتاپ سنگھ نے کارکنوں کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کو بھیج دیا ہے۔اجے پرتاپ سنگھ کے استعفیٰ کو بی جے پی کے لیے جھٹکا قرار دیا جا رہا ہے۔ استعفیٰ دینے کے بعد اجے سنگھ نے کہا کہ سیاست میرے لیے خدمت کا ذریعہ ہے پیسہ کمانے کا ذریعہ نہیں لیکن اب حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ بی جے پی میں رہنا میرے لیے مناسب نہیں ہے۔
اس لیے اب میں پارٹی سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔آر ایس ایس سے وابستہ رہے اجے پرتاپ سنگھ نے کہا کہ میں ذات پات کی سیاست میں یقین نہیں رکھتا لیکن جمہوریت میں تمام ذاتوں کی شرکت ہونی چاہیے۔ تمام پارٹیوں کو بھی اس کا پورا خیال رکھنا چاہیے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کس بات پر ناراض ہیں تو انہوں نے کہا کہ بہت سارے مسائل ہیں۔ باتیں کافی عرصے سے چل رہی ہیں۔ سوالوں کے جواب نہیں مل رہے ہیں۔