بی جے پی کے سندھیا نے ہاتھ کو ووٹ دینے کی غلط اپیل کردی

,

   

Ferty9 Clinic

بی جے پی لیڈر ہکا بکا ، کانگریس کے حلقوں میں خوشی کی لہر ، مدھیہ پردیش انتخابات میں کامیابی کا یقین

بھوپال : زبان کی لغزش بڑے بڑے لیڈروں کو پشیمانی کا شکار بناتی ہے ۔ بی جے پی لیڈر جیوتر آدتیہ سندھیا نے مدھیہ پردیش میں ایک انتخابی ریالی کے دوران عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ووٹ ڈالنے کے دن پولنگ بوتھ پر جائیں گے تو ہاتھ کے نشان پر بٹن دبادیجئے اور کانگریس کیلئے ووٹ دیجئے ۔ ان کی اس اپیل کو سن کر اسٹیج پر بی جے پی قائدین ہکا بکا رہ گئے ۔ انہیں اپنی غلطی کا فوری احساس ہوا اور کہا کہ کنول کو ووٹ دیجئے ۔ سندھیا /3 نومبر کو ہونے والے 28 اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کیلئے انتخابی مہم چلارہے ہیں ۔ ڈبرا میں انہوں نے بی جے پی کی امرتی دیوی کیلئے مہم چلائی ۔ جیوتر آدتیہ سندھیا کی اس زبانی لغزش پر کانگریس کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ مدھیہ پردیش کانگریس نے بی جے پی لیڈر پر تنقید کی اور کہا کہ انہوں نے ہجوم کو ہاتھ کے بٹن پر دبانے کا مشورہ دیا ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مدھیہ پردیش میں تمام 28 نشستوں پر کانگریس کامیاب ہوگی ۔ اسی سال مارچ میں سندھیا نے کانگریس سے استعفی دے کر اپنے ساتھ کمل ناتھ کابینہ سے 22 ارکان اسمبلی کو بھی مستعفی کروایا تھا جس کے نتیجہ میں مدھیہ پردیش کی کمل ناتھ حکومت گرگئی تھی ۔ کانگریس نے توقع ظاہر کی کہ سندھیا کی اس لغزش کا مثبت اثر ہوگا اور لوگ ہاتھ کے بٹن کو ہی دباکر ووٹ دیں گے ۔ اسی دوران الیکشن کمیشن نے امرتی دیوی کو ایک دن کیلئے ریاست میں انتخابی مہم چلانے سے باز رکھا ہے ۔ کیونکہ انہوں نے انتخابی ضابطہ کی خلاف ورزی کی تھی ۔