بی جے پی کے معطل ارکان کو آج اسپیکر کے روبرو پیش کرنے ہائیکورٹ کی ہدایت

   

سکریٹری لیجسلیچر کو ذمہ داری دی گئی، مسئلہ کا حل تلاش کرنے اسپیکر سے امید
حیدرآباد۔14۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے بی جے پی ارکان کی اسمبلی سے معطلی کے معاملہ میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے معطل کردہ ارکان کو کل اسپیکر سے ملاقات کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے سکریٹری لیجسلیچر کو ہدایت دی کہ معطل شدہ ارکان کو اسپیکر کے روبرو پیش کریں۔ عدالت نے کہاکہ بی جے پی ارکان کو اسپیکر کے روبرو پیش کیا جائے تاکہ وہ اپنی معطلی پر نمائندگی کرسکیں۔ منگل کے دن معطل شدہ ارکان کو اسپیکر کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کے بعد مقدمہ نے ایک نیا رخ اختیار کرلیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اسپیکر کو اس مسئلہ کا جائزہ لیتے ہوئے یکسوئی کی سمت فیصلہ کرنا چاہئے ۔ عدالت نے مختلف فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کے معاملات میں ہائی کورٹ کو مداخلت کا اختیار نہیںہے۔ واضح رہے کہ بی جے پی ارکان اسمبلی رگھونندن راؤ ، ایٹالہ راجندر اور راجہ سنگھ نے سنگل جج کے احکامات کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی۔ ڈیویژن بنچ نے اس معاملہ کی سماعت کے بعد رجسٹرار کو شخصی طور پر نوٹس سکریٹری لیجسلیچر کو حوالے کرنے کی ہدایت دی ۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سکریٹری لیجسلیچر نوٹس قبول نہیں کر رہے ہیں۔ عدالت کے احکامات کے مطابق ہائی کورٹ کے عہدیدار کو اسمبلی میں داخلہ کا انتظام کرنے کمشنر پولیس کو ہدایت دی گئی ۔ جوڈیشیل رجسٹرار نے اسمبلی پہنچ کر سکریٹری کو شخصی طور پر نوٹس حوالے کی ۔ شام 4 بجے جب اس معاملہ کی سماعت ہوئی تو جوڈیشیل رجسٹرار نے عدالت کو بتایا کہ نوٹس حوالے کردی گئی۔ عدالت نے کہا کہ معطلی کے بارے میں فیصلہ کا اختیار اسپیکر کو ہے ، لہذا سکریٹری کو چاہئے کہ وہ بی جے پی ارکان کو اسپیکر کے پاس حاضر کریں۔ عدالت نے امید ظاہر کی کہ اسپیکر مسئلہ کا حل تلاش کریں گے۔ ر