حیدرآباد۔/2 اپریل، ( سیاست نیوز) سری رام نومی شوبھا یاترا کے دوران نفرت انگیز تقریر کرنے پر حیدرآباد پولیس نے بی جے پی کے معطل شدہ رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ راجہ سنگھ نے ریلی کے دوران کئی قابل اعتراض اور اشتعال انگیز الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے بیگم بازار چھتری علاقہ میں تقریر کی جس پر پولیس نے از خود کارروائی کرتے ہوئے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تازہ ترین کارروائی میں پولیس نے راجہ سنگھ کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 504 اور 505(2) کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ حالانکہ افضل گنج پولیس نے بھی راجہ سنگھ کے خلاف سدی عنبر بازار مسجد کے روبرو اشتعال انگیز تقریر کرنے پر ایک مقدمہ درج کیا تھا ۔ شاہ عنایت گنج پولیس کی جانب سے ایک اور ایف آئی آر درج کئے جانے پر راجہ سنگھ نے ہی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعہ یہ بات بتائی۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال سٹی پولیس کی جانب سے پی ڈی ایکٹ نافذ کئے جانے کے احکام کو تلنگانہ ہائی کورٹ نے کالعدم کرتے ہوئے بعض شرائط عائد کئے تھے جس میں راجہ سنگھ کو اشتعال انگیز تقاریر اور اس کے لئے سوشیل میڈیا کا استعمال نہ کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ لیکن جیل سے رہا ہونے کے بعد راجہ سنگھ کے خلاف اب تک 10 مقدمات درج کئے گئے ہیں جس میں مہاراشٹرا کے دو ایف آئی آر بھی شامل ہیں۔ب