محبوب نگر سے ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کو شکست دینے کا عزم
حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی سے معطل کئے گئے محبوب نگر کے سابق رکن اسمبلی وائی سرینواس ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے حق میں لہر میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ وائی سرینواس ریڈی جو بی جے پی کے ریاستی نائب صدر بھی ہیں مخالف پارٹی سرگرمیوں پر کشن ریڈی نے معطل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں حکومت کے خلاف عوامی لہر عروج پر ہے اور علحدہ تلنگانہ احتجاج میں شامل تمام طاقتیں ریاست میں تبدیلی چاہتی ہیں۔ اپنے آئندہ سیاسی فیصلہ کے بارے میں سرینواس ریڈی نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر عوام سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔ سرینواس ریڈی محکمہ کسٹمس کے عہدیدار تھے لیکن انہوں نے علحدہ تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے کیلئے رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کرلی۔ وہ ٹی آر ایس میں کے سی آر کے بااعتماد رفیق تھے بعد میں انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ بی جے پی نے تلنگانہ عوام کو مایوس کیا ہے۔
مرکزی حکومت کی کارکردگی سے عوام خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں کسی بھی پارٹی میں شامل ہوتا ہوں تو میں اپنی خدمات کا پیشکش کروں گا۔ میرا مقابلہ کرنا یا نہ کرنا اسی پر پارٹی پر منحصر ہوگا، اگر مقابلہ کرنا ہی پڑے تو محبوب نگر اسمبلی حلقہ سے کروں گا۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑ کے خلاف عوام میں ناراضگی ہے اور انہیں بہ آسانی شکست دی جاسکتی ہے۔