نئی دہلی 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے نئے صدر کا کل پیر کو انتخاب عمل میں آئیگا اور امکان ہے کہ ورکنگ صدر جے پی نڈا بلا مقابلہ پارٹی صدر منتخب ہوجائیں گے ۔ پارٹی کے اعلی قائدین بشمول کئی ریاستی قائدین بھی امکان ہے کہ کل جے پی نڈا کا پرچہ نامزدگی داخل کرنے پارٹی ہیڈ کوارٹرس پہونچیں گے ۔ جے پی نڈا اس عہدہ کیلئے وزیرا عظم نریندرمودی اور موجودہ صدر امیت شاہ کی پسند سمجھے جاتے ہیں۔ وہ تنظیمی سرگرمیوں سے ایک دہے سے زیادہ وقت سے جڑے ہوئے ہیں اور آر ایس ایس سے بہت زیادہ قربت رکھتے ہیں۔ سینئر بی جے پی لیڈر رادھا موہن سنگھ نے کہا کہ صدارت کیلئے پرچہ نامزدگی 20 جنوری کو داخل ہوگی اور ضرورت پڑنے پر دوسرے دن انتخاب ہوگا ۔