بی جے پی کے پاس نفرت و انتشار کے سوا ایجنڈہ نہیں

   

چیف منسٹر آدتیہ ناتھ کے ’’ابا جان ‘‘ ریمارک پر کانگریس کا ردعمل

نئی دہلی : کانگریس نے پیر کو چیف منسٹر اُترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کو اُن کے ’’ابا جان ‘‘ ریمارک پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسی باتیں ریاستی اسمبلی چناؤ سے عین قبل کی جارہی ہیں کیونکہ وہاں بی جے پی کے پاس انتشار اور نفرت پھیلانے کے سوا کوئی دیگر ایجنڈہ نہیں ہے ۔ پارٹی ترجمان گورو ولبھ نے یہ بھی کہا کہ گاندھی جی کا قتل کرنے والا نتھو رام گوڈسے ہندوستان کا پہلا دہشت گرد ہے ۔ وہ کانگریس پر دہشت گردی شروع کرنے کا الزام عائد کرنے پر آدتیہ ناتھ کو جواب دے رہے تھے ۔ کوشی نگر میں گزشتہ روز ایک پروگرام سے خطاب میں آدتیہ ناتھ نے الزام عائد کیا تھا کہ عوام کو 2017 ء سے قبل اس طرح راشن نہیں مل رہا تھا جیسے اب مل رہا ہے ۔ کیونکہ تب وہ لوگ جو ’’ابا جان ‘‘ کہتے ہیں وہی راشن ہڑپ لیتے تھے۔ کوشی نگر کے لئے جاری کیا گیا راشن نیپال اور بنگلہ دیش کو بھیج دیا جاتا تھا ۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ آدتیہ ناتھ نے ’’ابا جان ‘‘ اور ’’بھائی جان ‘‘ کہتے ہوئے اقتدار حاصل کیا اور اب ’’شمشان ۔ قبرستان ‘‘کہتے ہوئے انتشار اور نفرت پھیلانے میں مصروف ہیں۔